شائقین کی یوراج کے گھر پرچڑھائی نعرے بازی و پتھراؤ

پولیس کی بھاری نفری نے گھیرے میں لے لیا، آل راؤنڈرکے دفاع پر کپتان کمربستہ


Sports Desk April 08, 2014
پولیس کی بھاری نفری نے گھیرے میں لے لیا، آل راؤنڈرکے دفاع پر کپتان کمربستہ

ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے فائنل میں سری لنکا سے شکست کے بعد بھارتی شائقین نے آل راؤنڈر یوراج سنگھ کے گھر پرچڑھائی کردی، نعرے بازی کے ساتھ پتھراؤبھی کیا گیا، پولیس کی بھاری نفری نے رہائش گاہ کو گھیرے میں لے لیا۔

دوسری جانب مہندرا سنگھ دھونی یوراج سنگھ کے دفاع پر کمربستہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف فائنل میں بھارت کی شکست میں یوراج سنگھ کا بڑا ہاتھ رہا، انھوں نے 21 گیندوں پر صرف 11 رنز بنائے جس میں ایک بھی باؤنڈری شامل نہیں تھی،وہ گیند کو ہٹ کرسکے نہ ہی دوسرے اینڈ پر موجود ان فارم بیٹسمین ویرات کوہلی کو اسٹرائیک دے پائے، آخری چار اوورز میں ویرات کوہلی نے صرف 8 بالز کھیلیں۔ شکست کے بعد بھارتی شائقین غصے میں بھڑک اٹھے، بعض نوجوانوں نے چندی گڑھ میں یوراج سنگھ کے گھر پر چڑھائی کردی اور پتھراؤ کیا، رپورٹ ملتے ہی پولیس کی بھاری تعداد موقع پر پہنچ گئی اور رہائش گاہ کو اپنے گھیرے میں لے لیا، ایس ایچ او منی ماجرا نے کہاکہ کچھ نوجوان گاڑیوں پر سوار ہوکر یوراج سنگھ کی رہائش گاہ پر پہنچے اور پتھراؤ شروع کردیا، ہم نے اب سیکیورٹی کافی سخت کردی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یوراج سنگھ نے بھارت کی 2007 میں ورلڈ ٹی 20 فتح اور 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا، مگر ایک خراب پرفارمنس پر ان کی سابق خدمات کو بھلا ڈالا گیا۔ دوسری جانب کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے یوراج کا دفاع کیا ہے، انھوں نے کہا کہ اس طرح کی چیزیں ہوتی رہتی ہیں، شکست کا ذمہ دار صرف یوراج سنگھ کو قرار نہیں دیا جاسکتا، انھوں نے کوشش کی اور ایسا صرف کرکٹر ہی نہیں کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔ یوراج کے بجائے خود بیٹنگ کے لیے نہ آنے کے حوالے سے دھونی نے کہا کہ ہم نے سری لنکن بولرز کے لیے حکمت عملی پر عملدرآمد مشکل بنانے کے لیے لیفٹ رائٹ کمبی نیشن آزمایا مگر یہ کام نہیں کرسکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |