احمد شہزاد ٹی 20 کے ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں شامل

بہترین بولرز میں سعیداور آفریدی موجود، حفیظ نمبر ون آل راؤنڈر،پاکستان نمبر3 ٹیم


Sports Desk April 08, 2014
فائنل میں شکست کے بعد بھارت کو سری لنکا کے لیے ٹاپ پوزیشن خالی کرنا پڑ گئی فوٹو: اے ایف پی/فائل

احمد شہزاد ٹوئنٹی 20 کے ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں شامل ہوگئے، عمر اکمل کو2 درجے تنزلی نے 18 ویں نمبر پر پہنچادیا۔

سعید اجمل، شاہد آفریدی اورمحمد حفیظ بدستور دس بہترین بولرز میں شامل ہیں، حفیظ نمبر ون آل راؤنڈر بھی برقرار رہے، فائنل میں شکست کے بعد بھارت کو عالمی چیمپئن سری لنکا کیلیے ٹاپ پوزیشن خالی کرنا پڑگئی۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے اختتام پرآئی سی سی نے تازہ ترین رینکنگ جاری کردی،احمد شہزاد تین درجے ترقی پاکرآٹھویں نمبر پر پہنچ گئے،انھوں نے اس ٹورنامنٹ کے دوران سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اسی ایونٹ میں آسٹریلیا کے خلاف شانداراننگز کھیلنے کے باوجود عمر اکمل کو 2درجے کی تنزلی نے 18 ویں نمبر پر پہنچا دیا، ٹاپ پوزیشن بدستور آسٹریلیا کے آرون فنچ کے قبضے میں ہے۔

جبکہ ویرات کوہلی ایک درجے ترقی پاکر کیریئر بیسٹ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے،الیکس ہیلز کو تیسرے نمبر پر جانا پڑا، جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی ایک ساتھ 11 درجے کی بلند چھلانگ لگاکر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے،تین درجے بہتری ڈیوڈ وارنر کو بھی ٹاپ ٹین میں لے آئی،اب وہ نویں نمبر پر براجمان ہیں، بھارت کے سریش رائنا اور ویسٹ انڈین آندھی کرس گیل 3،3 درجے تنزلی کے بعد بالترتیب 10ویں اور 11ویں نمبر پر پہنچ چکے۔ بولرز رینکنگ میں سعید اجمل تیسرے، شاہد آفریدی نویں اور محمد حفیظ 10 ویں نمبر پر موجود ہیں، ٹاپ پر ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری کا قبضہ ہے۔ آل راؤنڈرز میں بدستور حفیظ ٹاپ پر ہیں، فائنل میں فتح کے بعد سری لنکا نے دوبارہ سے ٹاپ پوزیشن پر قبضہ کرلیا جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر چلا گیا، پاکستان کی پوزیشن تیسری ہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |