مریم نواز کی وطن واپسی والدہ کی قبر پر حاضری
لیگی کارکنوں کی مریم نواز کی گاڑی کو دیکھتے ہی شدید نعرے بازی، مریم نواز نے والدہ کی قبر پر حاضری بھی دی
مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے پاکستان پہنچنے کے بعد اپنی والدہ کی قبر پر حاضری دی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے طیارے نے آج شام لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ لیگی کارکنان نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
مریم نواز کے استقبال کے لئے ایئرپورٹ سے جاتی امرا تک راستے میں بینرز، پوسٹرز آویزاں کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ مریم نواز تقریبا ساڑھے 3 ماہ کے بعد وطن واپس پہنچی ہیں۔ وہ اکتوبر کے شروع میں لندن روانہ ہوئی تھیں۔
[video width="400" height="480" mp4="https://c.express.pk/2023/01/whatsapp-video-2023-01-28-at-5.18.06-pm-1674910277.mp4"][/video]
بعد ازاں مریم نواز نے لاہور میں عوامی جلسے سے خطاب کیا اور پھر وہ سخت سیکیورٹی میں جاتی امرا پہنچیں، پھر انہوں نے اپنی والدہ کی قبر پر حاضری دی ، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور ن لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزرا نے مریم نواز کے استقبال کو تاریخی قرار دیتے ہوئے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 'الحمدللہ! آج پارٹی کال کے بغیر عوام نے مریم نواز کا والہانہ استقبال کر کےثابت کیا ہے کہ قوم کس کے ساتھ ہے، عوام جان چکے ہیں کہ موجودہ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی بدحالی کا ذمہ دار فارن ایجنٹ ہے، توشہ چور کے جھوٹ کا عوام نے آج جواب دیا ہے۔ شکریہ پاکستان'۔