جنہیں اداکاری میں مہارت حاصل ہے انہیں آگے بڑھنے کے مواقع نہیں دیتے سمیع خان
سمیع خان نے پاکستان کے’انڈر ریٹڈ‘ اداکاروں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے کام میں مہارت ہے
اداکار سمیع خان کا کہنا ہے کہ پاکستان شوبر میں اداکاری میں مہارت رکھنے والے اداکاروں کو آگے بڑھنے کے مواقع نہیں دیئے جاتے۔
سراب اور تنکے کا سہارا جیسے کئی منفرد کہانیوں والے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے سمیع خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں شریک ہوئے۔
پروگرام میں پاکستان شوبز انڈسٹری کے مسائل پر بات کرتے ہوئے سمیع خان نے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں ایسے بہت سے اداکار ہیں جو اپنے کام میں مہارت رکھتے ہیں مگر انہیں آگے بڑھنے کے اچھے مواقع فراہم نہیں کئے جاتے۔
میزبان کی جانب سے سمیع خان سے انڈسٹری کے ایک اوور ایکٹر اور ایک انڈر ریٹڈ اداکار کا نام پوچھا گیا۔
جس کے جواب میں سمیع خان نے کہا کہ کئی اداکار انڈر ریٹڈ کی فہرست میں آتے ہیں، جو اچھا کام کررہے ہیں اور بہترین اداکاری کرتے ہیں ان میں ایک فیضان شیخ اور دوسرے پارس مسرور ہیں۔
انہوں نے خواتین انڈرریٹڈ اداکاروں میں ہاجرہ یامین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھی اداکارہ ہیں میں خود بھی ان کے ساتھ کام کر چکا ہوں۔
تاہم سمیع خان نے اوور ایکٹنگ کرنے والے اداکاروں کا نام لینے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ صرف ان اداکاروں کے حوالے سے بات کرتا ہوں جنہیں تعاون کی ضرورت ہوتی ہے، باقی اداکاروں کو خدا کی طرف سے شہرت حاصل ہے۔
دوسری جانب اپنی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سمیع خان نے بتایا کہ ان کی شادی شدہ زندگی بےحد خوشحال ہے ان کی ارینج میرج ہوئی تھی تاہم وہ اپنی اہلیہ سے شادی سے پہلے بھی ایک مرتبہ مل چکے تھے جس کے بعد گھر والوں کی پسند کے ساتھ ان کی شادی ہوئی۔