کراچی نجی اسکول میں اردو بولنے پر بچے کے منہ پر ’کالک‘ مل دی گئی
ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز کا نوٹس، تحقیقات کیلیے کمیٹی قائم، تین دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک 'جے' میں قائم نجی اسکول میں مبینہ طور پر اردو میں بات کرنے والے طالب علم موسیٰ عاطف کے منہ پر کالک لگادی۔
سوشل میڈیا پر بچے کے والد کی ویڈیو وائرل ہوئی جنہوں نے اسکول انتظامیہ کے رویے کے حوالے سے شکایت کی جبکہ بچے کی بھی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ گال پر کالک کے ساتھ اپنے ساتھ اسکول میں پیش آئے واقعے کے حوالے سے بتا رہا تھا۔
بچے کے والد نے الزام عائد کیا کہ اسکول میں میرے بیٹے کو اردو میں بات کرنے پر تضحیک کا نشانہ بنایاگیا اور موسیٰ کے چہرے پر کالک لگائی گئی اور وہاں موجود بچوں سے مزاق بنوایا گیا۔ بچے کے والد نے کہا کہ جب اسکول انتظامیہ سے بات کرنے کی کوشش کی توکوئی جواب نہیں دیا گیا۔
والد کا مزید کہنا تھا کہ بیٹے کی عزتِ نفس مجروع ہوئی ہے لہٰذا اب اس اسکول میں مزید نہیں پڑھائیں گے۔
دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز نے سوشل میڈیا پرچلنے والی ویڈیو کا نوٹس لے کر نجی اسکول سے جواب طلب کرلیا۔ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز کا کہنا ہےکہ واقعےکی تصدیق یا تردید اب تک نہیں ہوسکی تاہم تحقیقات کےلیے 3 رکنی کمیٹی بنائی ہے پیر کو اسکول کا دورہ کر کے مزید تحقیقات کی جائے گی۔
۔