وزیراعلیٰ نے گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایے کم کرنے کی ہدایت کر دی

امریکی ڈالراور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ نچلی سطح پر صارفین کو بھی پہنچنا چاہیے، وزیراعلیٰ سندھ

اسکول وین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں محفوظ سی این جی سلنڈرز کی تنصیب یقینی بنائی جائے، اجلاس سے خطاب فوٹو: فائل

DUSHANBE:
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے متعلقہ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایے 5 تا 7 فیصد تک کم کر ائے جائیں اور شہروں کے اندر اور بین الشہر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایے کو 2011-2012 کی سطح پر برقرار رکھاجائے ۔


انھوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں امریکی ڈالراور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی روشنی میں درآمد شدہ روز مرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کا جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس کا فائدہ نچلی سطح پر صارفین کو پہنچ سکے۔ وہ پیر کو اربن اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کرایے، روزمرہ استعمال کی اشیا اور درآمدی اشیاکی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ میر ممتاز حسین جکھرانی، چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ، سیکریٹری یونیورسٹیز/ بورڈ ممتاز علی شاہ ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحٰہ احمد فاروقی ، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر حیدرآباد جمال مصطفی سید ، کمشنر میرپور خاص ساجد جمال ابڑو اور کمشنر سکھر غلام عباس بلوچ نے وڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات اور امریکی ڈالر میں کمی کا فائدہ براہ راست صارفین کو پہنچنا چاہیے اور روزمرہ استعمال کی اشیا اور درآمدی اشیاکی کم قیمتوں پر دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے اسکول وین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری سی این جی سلنڈرز کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ہر ڈویژن اور ضلع انتظامیہ محفوظ سفر / محفوظ سلنڈرز کی تنصیب کے قواعدو ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے تمام کمشنروں کو اپنے اپنے علاقے میں ریونیو مجسٹریٹ کے ذریعے مارکیٹوں کی سخت نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ پرائس کنٹرول کیلیے افسرا ن کے پاس جوڈیشل پاورز کا ہونا بہت ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے کچھ ریونیو افسران کو یہ اختیارات دیے ہیں، سندھ حکومت عدالتی اختیارات مزید ریونیو افسران کو دلانا چاہتی ہے تا کہ قیمتوں پر قابو پا کر عوام کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔
Load Next Story