تین نوجوان بھائیوں کے قتل کا ملزم گرفتار ڈکیتی سمیت کئی جرائم کا اعتراف

ملزم اسد اللہ افغانی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر منشیات کے اڈے کے تنازع پر قتل کا اعتراف کرلیا، مزید تفتیش شروع

پولیس اور رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی (فوٹو فائل)

رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مچھر کالونی میں چھاپا مار کارروائی کے دوران تین بھائیوں کے قتل میں ملوث ملزم اسد اللہ افغانی کو گرفتار کر لیا ۔

ملزم کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے اعلامیے کے مطابق 10 دسمبر 2022ء کو نیو کراچی گبول ٹاؤن ندی کے علاقے میں 3 بھائیوں 24 سالہ نذر محمد ، 26سالہ خیال محمد اور 25 سالہ سید محمد نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا ۔


پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے 14 خول جب کہ ایک 30 بور پستول کا خول ملا تھا ۔واقعے کی ایف آئی آر تھانہ گبول ٹاؤن میں درج کرائی گئی تھی۔ بعد ازاں پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیتے ہوئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم اسد اللہ افغانی کو مچھر کالونی سے گرفتار کر لیا ۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں میلاد شاہ افغانی ، صادق افغانی عرف قاری اور یاسین عرف آنکا کے ساتھ مل کر مذکورہ 3 افراد کو منشیات کے اڈے کے تنازع پر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم نے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

ملزم نے جن وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ان میں 29 نومبر 2022 کو قیوم آباد سپر مارکیٹ ، سہراب گوٹھ میں دکاندار اور جمعہ خان افغانی کے گھر میں ڈکیتی بھی شامل ہے ۔ ڈکیتی کی ایف آئی آر تھانہ سہراب گوٹھ میں درج ہے ۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔
Load Next Story