کے الیکٹرک تاجروں کے مسائل ترجیحاً حل کرے چیئرمین نیپرا

بجلی پیدا نہیں کی جا رہی کیونکہ درکار درآمدی ایندھن خریدنے کیلیے فنڈز دستیاب نہیں

کے الیکٹرک کارکردگی بہترین، چیف ایگزیکٹو، اجارہ داری ختم کرنی ہو گی، زبیر موتی والا (فوٹو فائل)

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین توصیف حسن فاروقی نے کے الیکٹرک پر زور دیا ہے کہ وہ تاجر برادری کو درپیش بجلی سے متعلق تمام مسائل کو ترجیحاً حل کرے۔

چیئرمین نیپرا نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید مونس عبداللہ علوی کے ہمراہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس میں کہا کہ تاجر انتہائی مشکل ماحول میں پاکستان کی معاشی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں،کراچی چیمبر میں آج ہماری موجودگی اس بات کا واضح اعتراف ہے کہ تاجر برادری کے بجلی سے متعلق مسائل کو اولین ترجیح دیتے ہوئے حل کرنے کی اشد ضرورت ہے، کے الیکٹرک تاجر برادری کے تمام مسائل حل کرے گا۔

چیئرمین نیپرا نے نشاندہی کی کہ پاکستان کا پاور سیکٹر موجودہ پیداواری صلاحیت کے باوجود بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے، ملک بجلی پیدا کرنے سے قاصر ہے کیونکہ بجلی کی پیداوار کے لیے فرنس آئل اور کوئلے سمیت درآمدی ایندھن خریدنے کے لیے فنڈز دستیاب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں ایندھن کی مجموعی قیمتوں میں کم ازکم 8 گنا اضافہ ہوا ہے ، پاکستانی روپیہ بھی ڈالر کے مقابلے میں آدھے سے زیادہ کم ہوگیا ہے جس کا مطلب ہے کہ بجلی کے نرخوں پر مجموعی اثر 16 گنا زیادہ ہونا چاہیے کیونکہ ملک کی 65 فیصد بجلی درآمدی ایندھن سے پیدا کی جا رہی ہے لیکن نیپرا نے اس کے مطابق ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا جو قابلِ تعریف ہے، سستی بجلی پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن گرین انرجی کو شامل کرنا ایک چیلنج ہے۔


ملک بھر میں بلیک آؤٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نیپرا نے بتایا کہ جب بھی ایسا بلیک آؤٹ ہوتا ہے تو نیپرا وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کرتا ہے۔

چیئرمین نیپرا نے سولر سیٹ اپ کے لیے نیٹ میٹرنگ کی سہولت کی تنصیب میں تاخیر پر اظہار خیال کرتے ہوئے نیپرا کے کسٹمر سروس مینوئل میں ایک سیکشن شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے تحت کے ای سمیت تمام ڈسکوز 3 ماہ کے اندر نیٹ میٹرنگ کی سہولت نصب کرنے کے پابند ہوں گے۔

چیف ایگزیکٹو کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ کے سی سی آئی میں کے الیکٹرک کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی ایک ٹیم مہیا کی جائے گی تاکہ تاجر وصنعتکار برادری کو درپیش تمام مسائل کو حل کیا جا سکے۔ کے ای دیگر تمام ڈسکوز کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے کیونکہ کے ای کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کی سب سے زیادہ درخواستوں پر کارروائی کی گئی ہے۔

چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے ملک میں حالیہ بلیک آؤٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 سال میں یہ چوتھا موقع ہے جب ملک میں بڑے پیمانے پر بلیک آؤٹ ہوا لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کسی کو جوابدہ ٹھہرایا گیا یا ماضی میں تین بار اور حال ہی میں ایک بار پھر اس تباہی کے اسباب کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی اجارہ داری کو ختم کرنا ہوگا۔

 
Load Next Story