تاجر تنظیموں کا اسلام آباد میں مقیم غیر ملکیوں کی سکیورٹی کلیئرنس کا مطالبہ

آرمی چیف دہشت گردی کے واقعے کی انکوائری فوج سے کروائیں، کاروباری برادری غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی کرے، بیان

تاجر برادری غیر قانونی مقیم افراد کی لسٹ پولیس کو مہیا کریں، تاجر تنظیموں کی اپیل (فوٹو فائل)

وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری نے پشاور پولیس لائنز میں دہشت گردی کے واقعے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اسلام آباد میں مقیم غیر ملکیوں کی سکیورٹی کلیئرنس کا مطالبہ کردیا۔

آل پاکستان انجمن تاجراں اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری و چیرمین ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری و دیگر تاجر رہنماؤں نے گزشتہ روز جاری مشترکہ بیان میں پشاور پولیس لائنز میں دہشت گردی کے واقعے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے مساجد میں دہشت گردی کرنے والے کسی صورت میں مسلمان نہیں ہو سکتے۔


تاجر رہنماؤں نے کہا کہ پولیس لائنز حساس ترین علاقہ تصور کیا جاتا ہے، دہشت گردوں کی وہاں تک رسائی سکیورٹی اداروں کی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے واقعے کی فوج سے انکوائری کرائیں اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنائیں۔

انہوں نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ اسلام آباد میں لاتعداد غیر ملکی رہائش پذیر ہوگئے ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ان کی سکیورٹی کلیئرنس کرائیں اور غیر قانونی مقیم افراد کو شہر سے باہر نکالیں۔ یہ لوگ منظم طریقے سے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ ان میں سے بے شمار افراد کو ایم سی آئی نے کاروبار کے لائسنس جاری کر رکھے ہیں۔

انہوں نے تمام مارکیٹوں کے عہدیداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقے میں غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی کریں اور کاروبار کرنے والوں کی بھی لسٹ پولیس کو مہیا کریں۔
Load Next Story