سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا کور کمانڈرز کانفرنس

کسی بھی دہشت گرد کے لیے زیرو ٹالرنس ہے، بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، آرمی چیف


خالد محمود January 31, 2023
فوٹو فائل

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے اور کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 255ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، شرکاء کو موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور دہشت گردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے اور ان کے حمایتی میکنزم کے لیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

فورم نے پشاور پولیس لائن دھماکے کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں کیفرکردار تک پہنچاجائے گا۔

مزید پڑھیں: پشاور خود کش حملے کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی خراسان گروپ نے قبول کی ہے،وزیرداخلہ

آرمی چیف نے کہا کہ اس طرح کی غیر اخلاقی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کے لیے ہمارے عزم کو پھر سے تقویت دیتی ہیں، کسی بھی دہشت گرد کے لیے زیرو ٹالرنس ہے۔

آرمی چیف نے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر اس وقت تک توجہ مرکوز رکھیں جب تک کہ ہم پائیدار امن حاصل نہیں کر لیتے۔

کور کمانڈرز نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کے بھارتی حربے کا نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کشمیریوں کی مقامی آزادی کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی بنیادی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

یہ بھی پڑھیں: پشاور پولیس لائنز خودکش دھماکے میں شہدا کی تعداد 100 ہوگئی

واضح رہے کہ پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں شہدا کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ شہدا میں 97 پولیس اہلکار و افسران اور تین سویلین شامل تھے۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ بھی بتایا کہ واقعے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان کے خراسان گروپ نے قبول کرلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |