یوکرین جنگ میں روس کی مدد پر امریکا نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کردیں

ایران کے 7 اداروں نے روس کے لیے ڈرونز تیار کیے تھے، امریکا کا الزام


ویب ڈیسک January 31, 2023
ایران کے 7 اداروں نے روس کے لیے ڈرونز تیار کیے، امریکا( فوٹو: فائل)

امریکا نے یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کو خود کش ڈرون کی فراہمی پر ایران کے 7 اداروں کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے ایران کے 7 اداروں کو اپنی تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کرلیا جن پر روس کو فراہم کیے گئے ڈرونز تیار کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ان میں ایران کے ہوائی جہاز کے انجنوں کا ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ والا ادارہ، اسلامی انقلابی گارڈ کور ایرو اسپیس فورس، اسلامی انقلابی گارڈ کور ریسرچ اینڈ سیلف سفینسی جہاد آرگنائزیشن، اوجے پرواز مادو نفر کمپنی، پیرا پارس کمپنی، قدس ایوی ایشن انڈسٹری، اور شاہد ایوی ایشن انڈسٹریز شامل ہیں۔

امریکی کامرس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ ایران کی بغیر پائلٹ ہوائی گاڑیاں (یو اے وی) روس کو یوکرین میں استعمال کرنے کے لیے منتقل کی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ یوکرین نے چند ماہ قبل کہا تھا کہ ان کے علاقے میں گرنے والے ڈرونز ایرانی ساختہ ہیں جس کی تصدیق امریکی انٹیلی جنس اداروں نے بھی کی تاہم ایران نے پہلے تو انکار کیا تاہم بعد میں ان ڈرونز کی روس کو فراہمی کو قبول کرلیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں