فلم ’پٹھان‘ نے کے جی ایف2 باہو بلی اور دنگل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

صرف بھارتی سینماؤں میں ایک ہفتے کے دوران 300 کروڑ روپے کما کر سارے ریکارڈ توڑ دیے


ویب ڈیسک February 01, 2023
فلم پٹھان نے دنیا بھر میں 634 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا، فوٹو: فائل

فلم پٹھان نے نارتھ امریکا کے باکس آفس میں بزنس کے اعتبار سے عامر خان کی دنگل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یش راج فلم پروڈکشن کی فلم پٹھان نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے۔ فلم زیرو میں ناکامی کا سامنا کرنے والے شاہ رخ خان نے فلم پٹھان سے شاندار کم بیک کیا ہے۔

شاہ رخ خان نے فلم پٹھان کے ذریعے ایک نئے جلوے اور آہنگ کے ساتھ انٹری دی۔ دپیکا پڈوکون کی اداکاری اور رقص نے بھی فلم کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا۔

فلم پٹھان کی 8 ہزار سے زائد سینما گھروں میں بہ یک وقت نمائش جاری ہے اور اس فلم نے صرف بھارت میں نمائش کے ساتویں روز 22 کروڑ کا بزنس کر کے مجموعی طور پر 300 کروڑ کا بزنس سمیٹ لیا۔

اس کے ساتھ ہی فلم پٹھان ایک ہفتے میں سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ دنگل، جی ایف-2، باہو بلی، ٹائیگر زندہ ہے اور سنجو یہ سنگ میل 10 سے 16 دنوں میں حاصل کیا تھا۔

باکس آفس کے مطابق بین الااقوامی طور پر بھی فلم پٹھان نے بزنس کے نئے ریکارڈ قائم کردیے۔ سعودی عرب میں ایک ملین ڈالر اور نارتھ امریکا میں 10 ملین ڈالر کے سنگ میل کے ساتھ بیرون ملک بزنس 28.75 ملین ڈالر رہا۔

اگر فلم پٹھان کے مجموعی بزنس کی بات کی جائے تو ملک اور بیرون ملک سے مجموعی طور پر 634 کروڑ روپے کا بزنس کرچکی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔