فلم ’پٹھان‘ کی غیرقانونی نمائش سندھ سینسر بورڈ کا ایکشن

بغیر اجازت فلم کی نمائش کی گئی تو نمائش کنندہ کو 3 سال قید یا 1 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ایکساتھ دی جاسکتی ہیں


ویب ڈیسک February 01, 2023
فوٹو فائل

چیئرمین سندھ بورڈ آف فلم سینسرز خالد بن شاہین نے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی پاکستان مخالف فلم 'پٹھان' کی غیرقانونی نمائش کا نوٹس لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ بورڈ آف فلم سینسرز نے کراچی میں بھارتی فلم 'پٹھان' کی غیر قانونی نمائش کی خبروں کا نوٹس لے لیا، سینسرز بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے یہ علم ہوا ہے کہ فائر ورکس ایونٹس نامی کوئی ادارہ 4 فروری 2023 کو ڈی ایچ اے میں انڈین فلم پٹھان کی عوامی نمائش کا اہتمام کررہا ہے اور مذکورہ کمپنی نے فلم کے ٹکٹس بھی بک کرلیے ہیں۔

سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کی جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی نجی پارٹی یا فرد کسی بھی فلم کی سرکاری یا پرائیوٹ سطح پرعام نمائش کا اہتمام کرنے کا حق نہیں رکھتا جب تک کسی فلم کو عوامی نمائش کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ جاری نہ کیا گیا ہو۔

چیئرمین بورڈ خالد بن شاہین کا کہنا ہے کہ سندھ موشن پکچرز ایکٹ 2011 کا سیکشن 4 (10) کسی فلم کی پبلک یا پرائیویٹ نمائش کو ریگولیٹ کرتا ہے اور کوئی بھی بورڈ کی تصدیق کے بغیر فلم کی نمائش نہیں کرسکتا، اس لیے مناسب ہے کہ فلم پٹھان کی نمائش کو فوری طور پر منسوخ کردیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ کمپنی کو جاری کیے گئے نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر آپ مذکورہ بالا ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے تو ایسی خلاف ورزی سیکشن 18(1) کے تحت دی گئی سزا کے مترادف ہوگی، جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی فلم جس کی بورڈ سے تصدیق نہ کی گئی ہو، اس کی غیر قانونی نمائش کی صورت میں نمائش کنندہ کو تین سال قید یا 100,000 روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جاسکتی ہیں اور جرم جاری رکھنے کی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر 10,000 روپے مزید جرمانہ لگایا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں