سری لنکن ہیروز پر محبتوں کے پھول نچھاور استقبال کیلیے کولمبو امڈ آیا

سڑکوں کے دونوں جانب ہزاروں شائقین کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے موجود رہے، صدر سے بھی ملاقات


AFP/Sports Desk April 09, 2014
عظیم کامیابی کے جشن پر پلیئرز و بورڈ تنازع کے بادل بھی چھائے رہے، ریٹائرڈ کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردنے کی دبے الفاظ میں کرکٹ حکام پر نکتہ چینی۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹوئنٹی 20 چیمپئنز سری لنکن ہیروز پر محبتوں کے پھول نچھاور کر دیے گئے،استقبال کیلیے پورا کولمبو امڈ آیا، کرکٹ ٹیم کو ایئرپورٹ سے ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے لایا گیا۔

سڑکوں کے دونوں جانب ہزاروں شائقین کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے موجود تھے،بعدازاں صدر راجاپکسے نے بھی ٹیم سے ملاقات کی، عظیم کامیابی کے اس جشن پر پلیئرز و بورڈ تنازع کے بادل بھی چھائے رہے، ریٹائرڈ سنگاکارا اور جے وردنے نے دبے الفاظ میں کرکٹ بورڈ حکام پر نکتہ چینی بھی کی۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی 20 کی فاتح سری لنکن ٹیم جب بندرانائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تو استقبال کیلیے ہزاروں شائقین جمع تھے، ان کا جو ش و خروش آسمان کو چھو رہا تھا، وہ اپنے قومی ہیروز کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے بے تاب تھے، فائنل کے ہیرو کمار سنگاکارا نے جہاز کے اندر سے باہر موجود کرائوڈ کی تصویر کھینچ کر ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔ سری لنکا بورڈ نے گذشتہ روز شائقین کو اپنے ہیروز کے شایان شان استقبال کیلیے مدعو کیا تھا۔

ایئرپورٹ سے شہر کے مرکز تک سڑک کی دونوں جانب ہزاروں شائقین جمع اور انھوں نے قومی پرچم تھام رکھے تھے، کھلاڑیوں کو ڈبل ڈیکر بس پر ایئرپورٹ سے باہر لایا گیا،آگے اور پیچھے بہت بڑی تعداد میں موٹرسائیکلز اور گاڑیاں موجود تھیں، اس قافلے نے 35 کلومیٹر کا فاصلہ رینگ رینگ کر طے کیا۔ کھلاڑیوں کو سیدھا صدر راجا پکسے سے ملاقات کیلیے لے جایا گیا جہاں فتح کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ سری لنکن ٹیم کا ایک ماہ میں دوسری مرتبہ اس شاندار انداز میں استقبال کیا گیا،اس سے قبل ایشین چیمپئن بننے پر بھی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو خوش کرنے کیلیے ایسا ہی اہتمام کیا تھا، مگر دونوں بار جشن پر پلیئرز اور بورڈ کے درمیان تنازع کے بادل چھائے رہے۔

ایئرپورٹ پر ہی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمارسنگاکارا اور مہیلا جے وردنے نے اپنی ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے تنازع پر بھی بات کی، جے وردنے نے کہاکہ میں نے ایک انٹرویو میں صرف ریٹائرمنٹ کا امکان پیش کیا جس پر بورڈ کے ایک آفیشل نے ہم سے بات کیے بغیر ہی عوامی سطح پر تنقید کردی، اس موقع پر سنگاکارا نے کہا کہ جے وردنے درست کہہ رہے ہیں، ہمیں ایونٹ سے قبل آخری لمحات تک یہ معلوم نہیں تھا کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کھیلنے جا بھی رہے ہیں یا نہیں۔ سنگاکارا کا اشارہ روانگی سے قبل بورڈ کی دھمکی کی جانب تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر کھلاڑیوں نے کنٹریکٹ پر دستخط نہیںکیے تو بی ٹیم بنگلہ دیش بھیج دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں