عدالت نے اہلیہ کی شکایت پر نوازالدین صدیقی کو نوٹس جاری کر دیا
نوازالدین اور انکے اہل خانہ کھانا، بستر اور باتھ روم جیسی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کر رہے، عالیہ صدیقی
بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی کو عدالت نے اُن کی اہلیہ عالیہ صدیقی کی جانب سے شکایت درج کرانے کے بعد نوٹس جاری کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مشہور اداکار نواز الدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے پولیس اسٹیشن میں اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے اپنے شوہر کے خلاف شکایت درج کروائی تھی کہ نوازالدین اور ان کے اہل خانہ انہیں کھانا، بستر اور باتھ روم جیسی دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہیں کر رہے۔
جس پر ممبئی کی اندھیری عدالت نے نواز الدین صدیقی کو ان کی اہلیہ کی شکایت پر نوٹس جاری کیا ہے۔
اس سے قبل نواز الدین صدیقی کی والدہ مہرونیسا صدیقی نے اداکار کی اہلیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ عالیہ نواز الدین کی بیوی نہیں ہے اور اس کا ان کے بیٹے کی جائیداد میں کوئی حصہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوازالدین صدیقی کی والدہ نے اپنی بہو کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا
جس پر عالیہ کے وکیل نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ عالیہ نواز الدین صدیقی کی قانونی طور پر شادی شدہ بیوی ہےعالیہ کے خلاف اس کی ساس نے جائیداد کے تنازع پر مقدمہ درج کروایا تھا عالیہ کو اپنے ہی شوہر کے گھر میں گھسنے اور اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف کسی قسم کا مقدمہ لڑنے کا کوئی حق یا آزادی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز الدین کھانا دیتے ہیں نہ باتھ روم استعمال کی اجازت ہے، اہلیہ کا الزام
عالیہ کے وکیل نے کہا کہ نواز الدین صدیقی کے منیجر کو میرا نوٹس ملا اور نواز کو بھی میرا نوٹس مل چکا ہے لیکن انہوں نے کبھی جواب دینے کی زحمت نہیں کی، وہ خاموش رہے اور دھمکیاں بھی دیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نواز الدین صدیقی اور ان کی اہلیہ سے جڑے ان تمام مقدمات کی سماعت آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
یاد رہے کہ عالیہ صدیقی سوشل میڈیا پر بھی اپنے اور بچوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کے حوالے سے ویڈیوز پوسٹ کر کے مداحوں کو آگاہ کرتی رہتی ہیں۔