کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ میں 25 سے زائد کریکر دھماکے

زمزمہ کمرشل اسٹریٹ،سہراب گوٹھ،جوہر،مہران ٹائون اورسچل میں 5 دھماکے،2 افراد زخمی، سپر ہائی وے پر پولیس موبال پربھی حملہ


حیدرآبادوکوٹری میں ریلوے ٹریک کونشانہ بنایاگیا، شہدادکوٹ، کنڈیاروودیگر شہروں میں بھی دھماکے، مہران یونیورسٹی میں پرچے ملتوی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

RAWALPINDI: کراچی، حیدرآباد، سمیت سندھ بھر میں ریلوے ٹریکس اوردیگرمقامات پر25سے زائدکریکر دھماکے کیے گئے جس سے شدیدخوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں زمزمہ کمرشل اسٹریٹ پر واقع ملبوسات کے شوروم کے باہرزور داردھماکاہواجس کی آواز دور تک سنائی دی گئی ،دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم قریبی دکانوں اورعمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ،بم ڈسپوزل اسکواڈکے مطابق دیسی ساختہ بم کوایک سیاہ رنگ کے تھیلے میں بنایاتھااوراس میں یوریاکھاد اور دیگرکیمیکل ملائے گئے تھے اوردھماکا خیز مواد کامجموعی وزن ایک کلو کے قریب تھاتاہم اس میں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ استعمال نہیں کیے گئے۔بفرزون سیکٹر 15/A-3 سہراب گوٹھ سے ناگن چورنگی جانے والے فلائی اوور کے اوپر سے موٹر سائیکل سوار ملزمان الرحمٰن آٹو پر کریکر پھینک کرفرارہو گئے جوزورداردھماکے سے پھٹ گیااوراس کی آوازبھی دورتک سنائی دی،دھماکے سے خوف وہراس پھیل گیا،دھماکے کی زدمیں آکر2افراد 22 سالہ ریحان اور20 سالہ یونس معمولی زخمی ہوگئے۔

گلستان جوہرپرفیوم چوک کے قریب دکان کے سامنے نامعلوم ملزمان بال بم پھینک کرفرارہوگئے جس سے قریب کھڑی ہوئی گاڑیوں اورعمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔کورنگی صنعتی ایریامہران ٹاؤن سیکٹر8میں رہائش پذیر اے این پی کے علاقائی رہنماعمر زیب کے گھر پر نامعلوم ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہو گئے جوزور داردھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ سچل صفوراگوٹھ میں گھاس کی دکان کے قریب پراسراردھماکا ہواجس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔سپرہائے وے ملک آغاہوٹل والی گلی کے قریب واقع انڈس پلازہ کے سامنے ایوب گوٹھ پولیس چوکی کی موبائل معمول کی گشت کے لیے گلی میں داخل ہوئی تواس دوران نامعلوم ملزمان موبائل پرکریکرپھینک کر فرار ہوگئے ،جس سے خوف وہراس پھیل گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حملے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے انڈس پلازہ اور اس کے اطراف میں کارروائی کرتے ہوئے 7مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

حیدرآبادمیں منگل کی شب پہلاکریکر دھماکاواپڈاکالونی کے سامنے نجی آئل مل کے عقب سے گزرنے والی ریلوے ٹریک پرہواجس سے ٹریک کاایک فٹ کے حصے کومعمولی نقصان پہنچا،خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسرا دھماکا حسین آبادگدو ناکہ،تیسرا کریکر دھماکا لطیف آبادپونے7چوک، چوتھا کریکر دھماکاریڈیو پاکستان کے قریب شاہراہ میراں محمد شاہ پر جبکہ پانچواں کریکر دھماکاوحدت کالونی میں واقع گورنمنٹ پولی ٹیکنکل کالج سے متصل رینجرزہیڈ کوارٹر کے قریب کچرے کے ڈھیر میں ہوا۔دھماکوں کے بعد پولیس کو ہائی الرٹ کردیاگیا۔کوٹری سائٹ کے علاقے میں بھی ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکا ہوا جس سے ٹریک کو معمولی نقصان پہنچا،دھماکے کی اطلاع پر کراچی سے پنجاب جانے والی تیزگام کو کوٹری اسٹیشن پر روک لیا گیا۔ایس ایس پی پیرفرید جان سرہندی نے کہاہے کہ دھماکوں کے ذمے دار افراد کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

کوٹری شاہی بازار کے مختلف مقامات پر 2 دھماکے ہوئے جبکہ لاکھا پٹرول پمپ کے قریب ایک دھماکاہوا، دھماکوں کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی جس سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ شہدادکوٹ میں زوردارد ھماکے کی آوازسنی گئی تاہم تاہم دھماکے کی نوعیت اورمقام کاتعین نہ ہوسکا،کنڈیاروکے نیوبکھری محلے اورشاہ زکریامحلے میں کریکرکے2دھماکے ہوئے۔دوسری جانب مہران یونیورسٹی جامشورو کے ترجمان امدادسومرو کے مطابق مہران یونیورسٹی میں بدھ کوہونے والے ضمنی امتحانات ملتوی کر دیے گئے،جن کی دوسری تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا،یونیورسٹی بدھ کو کھلے گی لیکن پوائنٹ بسیں نہیں چلیں گی۔

رابطہ کرنے پرلیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز جامشورو کے ترجمان ڈاکٹرسروپ بھاٹیہ نے بتایا کہ یونیورسٹی میں کل فارماکولوجی کا امتحان ہے لیکن امتحان ملتوی کرنے اور پوائنٹ بسیں چلانے یا نہ چلانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،یہ فیصلہ بدھ کی صبح صورتحال دیکھ کر کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ جئے سندھ متحدہ محاذکی طلبہ تنظیم کوسندھ یونیورسٹی میں3اپریل کوویلکم پارٹی کرنے کی اجازت نہ دینے اورایک درجن سے زائدکارکنان کی گرفتاری کیخلاف جسمم کی جانب سے آج (بدھ کو)سندھ بھر میں ہڑتال کااعلان کیا گیاہے۔وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کراچی سمیت صوبے بھر میں دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں