قومی اسمبلی کی 31 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

امیدوار 10 سے 14 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، پولنگ 19 مارچ کو ہوگی

فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی 31 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، جس کے بعد مذکورہ حلقوں میں پولنگ 19 مارچ 2023ء کو ہوگی۔

ایکسپریس کو موصول ہونے والے الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوار 10 سے 14 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے جس کے بعد 15 فروری کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائیں گی۔

بعد ازاں 18 فروری کو امیدواروں کی اسکروٹنی کی جائے گی اور پھر امیدوار یکم مارچ تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ پھر امیدواروں کو 2 مارچ کو نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔



الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق این اے 2 سوات ، این اے 3 سوات، این اے 5،6،7 لوئر دیر، این اے 8 مالاکنڈ ، این اے 9 بونیر ،این اے 16 ایبٹ آباد، این اے 19 صوابی ، این اے 20 مردان ، این اے 28 پشاور، این اے 30 پشاور ، این اے34 کرک، این اے 40 باجوڑ، این اے 42 مہمند ، این اے 44 خیبر میں 19 مارچ کو ضمنی الیکشن ہوگا۔


مزید پڑھیں: عمران خان کا ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کے مطابق ، این اے 61 راولپنڈی میں ضمنی الیکشن ہوگا، این 70 گجرات ، این اے 87حافظ آباد، این اے 93خوشاب میں جمنی الیکشن ہوگا، این اے 96 میانوالی ، این اے 107 فیصل آباد، این اے 109فیصل آباد میں ضمنی الیکشن ہوگا، این اے 135 لاہور، این اے 150 خانیوال، این اے 152 خانیوال میں ضمنی الیکشن ہوگا، این اے 158 ملتان ، این اے 164 ، این اے 165 وہاڑی میں ضمنی الیکشن ہوگا، این اے 177 رحیم یارخان ، این اے 187 لیہ میں بھی ضمنی الیکشن ہوگا۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے ضمنی الیکشنز میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے پہلے اعلان کیا تھا کہ تمام خالی ہونے والے حلقوں سے عمران خان الیکشن لڑیں گے تاہم موجودہ صورت حال کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے سابق امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے اور بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

 

 
Load Next Story