بینظیر کی شہادت پر بھی الیکشن ملتوی ہوئے تھے گورنر کے پی

آج تو صوبے کے ہر ضلع میں سانحے ہورہے ہیں، غلام علی


ویب ڈیسک February 04, 2023
آج تو صوبے کے ہر ضلع میں سانحے ہورہے ہیں، غلام علی

گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ بینظیر کی شہادت پر بھی الیکشن ملتوی ہوئے تھے جب کہ آج تو صوبے کے ہر ضلع میں سانحے ہورہے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پولیس لائنز دھماکا قومی سانحہ تھا، وزیر اعلی اور گورنر ایک پیج پر ہیں، واقعے سے پہلے بھی کہا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی بیٹھک ہونی چاہے، اب اس حملے نے پولیس کو نیا جذبہ بخشا، ان کا مورال مزید بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں ہر چیز پر بات ہوئی، مگر ایک پارٹی نے شرکت نہیں کی، اب قوم فیصلہ کرے کہ ایسے حالات میں بھی یہ ایک نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کے حوالے سے سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کرے تاکہ شفاف اور پر امن الیکشن کا انعقاد ممکن ہو، بینظیر بھٹو کی شہادت پر بھی الیکشن ملتوی ہوئے تھے وہ ایک سانحہ تھا، آج تو صوبے کے ہر ضلع میں سانحے ہورہے ہیں۔

گورنر کے پی نے کہا کہ حالات کو سنجیدہ سے لینا چاہیے، الیکشن ہونے چاہئیں اور سیکیورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومت اور پولیس کا کام ہے، لیکن کیا آپ ملک کو اس نہج پر لے جانا چاہتے ہیں کہ خواتین پولیس اہلکار وانا، وزیرستان جانے سے منع کردیں، تو آپ ٹائیگر فورس کو سیکیورٹی کیلئے پولنگ اسٹیشن پر تعینات کردیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایسا ماحول پیدا کرنا ہے کہ ووٹر آزادانہ طریقے سے گھر سے نکلے اور ووٹ ڈالے، ہم نے لاشیں نہیں اٹھانیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں