امریکا کی پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کی پیشکش

امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور رچرڈ ہوگلینڈ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ...


Editorial September 16, 2012
اس وقت پاکستان کا سب سے زیادہ سلگتا ہوا مسئلہ اس کے اقتصادی اور معاشی انحطاط کا ہی ہے. فوٹو فائل

امریکا نے پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے طویل مدتی منصوبے کا اعلان کیا ہے ۔

سرکاری اور نجی سرمایہ کاری پر مبنی یہ پروگرام پاکستان کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کو سرمائے تک رسائی فراہم کر کے روز گار کے مواقعے میں اضافے کی کوشش کرے گا اور معاشی ترقی کو فروغ دے گا۔

امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور رچرڈ ہوگلینڈ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان با صلاحیت کاروباری لوگوں سے مالا مال ہے جھیں اپنی صلاحیتیں پوری طرح بروئے کار لانے کے لیے سرمائے کی ضرورت ہے اور یہ امریکی پروگرام ان کاروباری لوگوں کی مدد کر سکتا ہے اور روز گار کے نئے مواقعے پیدا کر سکتا ہے تاکہ عوام کی زندگی بہتر بنانے میں تعمیری کردار ادا کیا جا سکے۔

ناظم الامور کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں مدد دینے کے لیے تجارتی مسائل کا منڈی کی ضروریات پر مبنی حل امریکا کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے چنانچہ اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کا منصوبہ امریکا کی مالی اعانت سے فنڈ کا انتظام کرے گا۔امریکا کی گستاخانہ فلم کے خلاف پاکستان سمیت عالمی سطح پر احتجاج کے تناظر میں پاکستان کو نجی سرمایہ کاری کی پیشکش خاصی معنی خیز ہے جس کا مقصد ایک دوسرے زاویے سے پاکستانی عوام کے مشتعل جذبات کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش لگتی ہے تاہم اگر ایسا بھی ہے ''تب بھی پاکستان کو موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس پیشکش کو قبول کر لینا چاہیے۔

کیونکہ اس وقت پاکستان کا سب سے زیادہ سلگتا ہوا مسئلہ اس کے اقتصادی اور معاشی انحطاط کا ہی ہے جس کی وجہ سے دیگر بہت سے سنگین مسائل کو ہوا مل رہی ہے۔ اگر ہمارے ہم وطنوں کی اکثریت کے روز گار کے مسائل حل ہو جائیں تو ملک کو بے شمار قباحتوں سے خود بخود نجات مل جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں