شیخ رشید کی حوالگی کیلیے کراچی کا ایس ایچ او صحافی بن کر اسلام آباد کی عدالت پہنچ گیا

انسپکٹر چوہدری شاہد نے پکڑے جانے پر خود اعتراف کیا کہ وہ نجی ٹی وی کا نمائندہ بن کر کمرہ عدالت میں پہنچا


کورٹ رپورٹر February 04, 2023
فوٹو اسکرین گریپ

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے راہداری ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کے دوران کراچی کے تھانہ موچکو کے ایس ایچ او اسلام آباد کی عدالت میں صحافتی ادارے کے نمائندے کے روپ میں داخل ہوا اور پکڑا گیا۔

شیخ رشید کے خلاف کراچی کے تھانہ موچکو میں درج مقدمہ کے تفتیشی اور انسپکٹر راہداری ریمانڈ کی درخواست پر عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر تفتیشی افسر نے معزز جج کو بتایا کہ پولی کلینک میں شیخ رشید نے جو گفتگو کی تھی اس پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، شیخ رشید کو کراچی منتقل کرنا ہے۔

شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ پر درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے اور ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنایا۔ جس پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی آر میں جو دفعات لگائی گئی ہیں وہ قابل ضمانت ہیں، دفعات کیونکہ قابل ضمانت ہیں عدالت سے استدعا ہے کی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جائے، ضمانتی مچلکے متعلقہ عدالت میں بھیج دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید کو سندھ منتقل کرنے کی درخواست مسترد

شیخ رشید کے وکلا نے راہداری ریمانڈ کی مخالفت کی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور پھر سندھ پولیس کی راہداری ریمانڈ کی درخواست کو مسترد کردیا۔

اس موقع پر کمرہ عدالت میں ایک شخص موجود تھا جس نے اپنا تعارف معروف صحافتی ادارے کے نمائندے کے طور پر کروایا تاہم عدالت میں موجود صحافیوں نے انہیں روک کر سوال کیا۔

[video width="848" height="480" mp4="https://c.express.pk/2023/02/whatsapp-video-2023-02-04-at-5.05.15-pm-1675522239.mp4"][/video]

جس پر انسپکٹر چوہدری شاہد نے اعتراف کیا کہ وہ موچکو تھانے کے ایس ایچ او ہیں اور راہداری ریمانڈ میں شیخ رشید کی حوالگی کے لیے یہاں موجود تھے، عدالت میں انہوں نے کچھ وجوہات کی وجہ سے خود کو نجی ٹی وی کا نمائندہ ظاہر کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔