کراچی میں مشتعل شہریوں نے دو ڈاکوؤں کو زندہ جلادیا

واقعہ فور کے چورنگی کے قریب پیش آیا، دونوں ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، پولیس نے 10 شہریوں کو حراست میں لے لیا


Wasiq Muhammad February 04, 2023
فوٹو ایکسپریس

اسٹریٹ کرائم سے تنگ شہریوں نے مزاحمت پر شہری کو زخمی کرنے والے دو ڈاکوؤں کو پکڑ کر زندہ جلا دیا، پولیس نے ڈاکوؤں کو مارنے کے الزام میں 10 شہریوں کو حراست میں لے لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ خواجہ اجمیر نگری میں فور کے چورنگی کے قریب مکہ ہوٹل پر دو مبینہ ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے جنہیں لوگوں نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلادیا جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق ڈاکو جبران نامی شہری سے موبائل چھین رہے تھے جس پر شہری نے مزاحمت کی تو انہوں نے سر پر پستول کا بٹ مار کر زخمی کردیا تھا، شہری کی آواز سُن پر مکین جمع ہوئے اور انہوں نے ڈکیتوں کو کو پکڑ لیا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل، تین موبائل فونز اور ایک ٹی ٹی پستول برآمد ہوئی جبکہ مرنے والوں کو مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے۔

اُدھر پولیس نے ڈاکوؤں کو زندہ جلانے کے الزام میں 10 افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے شہریوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت محمد عمران اور نادر حسین کے نام سے ہوئی، نادر حسین کے خلاف ڈسٹرکٹ کورنگی، ملیر اور سینٹرل میں متعدد مقدمات درج ہیں جبکہ عمران کے خلاف ڈسٹرک ویسٹ میں مقدمہ درج ہے۔ ڈاکووں نے فائر کرنا چاہا تو اسلحہ میں گولی پھنس گئی تھی۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی 114 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جس میں موبائل اور نقدی چھیننے کی 48، کار چوری کی 6، موٹرسائیکلیں چھیننے اور چوری ہونے کی 60 وارداتیں شامل ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان پانچ مقابلے ہوئے جس میں 7 جرائم پیشہ افراد کو زخمی حالت میں جبکہ 14 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں