پی ایس ایل8 اوپنرز چھکے چھڑانے کیلیے بے تاب

نیچرل گیم ضروری ہے، پہلی ہی گیند سے باؤنڈریز کا متلاشی ہوتا ہوں،فخر زمان


Sports Reporter February 05, 2023
بولرپرحاوی ہونے کی کوشش کرتا ہوں (حارث) کنڈیشنز کو سمجھنا اہم ہے، شرجیل خان (فوٹو: ایکسپریس ویب)

اوپنرز پی ایس ایل 8میں چھکے چھڑانے کیلیے بے تاب ہیں۔

اوپنرز نے پی ایس ایل 8میں بہترین کارکردگی کا عزم ظاہر کر دیا، گذشتہ سیزن میں 588رنز کے ساتھ لاہور قلندرز کی ٹائٹل فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے فخرزمان نے کہا کہ ابتدائی 6اوورز میں صرف 2فیلڈرز 30گز کے دائرے سے باہر ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میں پہلی ہی گیند سے باؤنڈریز کا متلاشی ہوتا ہوں،اس کے ساتھ سنگلز ڈبلز بناتے رہنا بھی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جارح مزاج اوپنر کیلیے ٹیم کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیچرل گیم کا مظاہرہ کرنا اہم ہوتا ہے،دوسری اننگز میں ہدف کو پیش نظر رکھتے ہوئے انداز مختلف ہوسکتا ہے، بڑے اسکور کی ضرورت ہو تو جارحانہ آغاز زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔

انڈر 19ورلڈکپ کے بعد گزشتہ پی ایس ایل میں بھی صلاحیتوں سے متاثر کرنے والے محمد حارث نے کہا کہ پاور پلے میں بولر کی رنز روکنے کیلیے حکمت عملی کو سمجھتے ہوئے میں اپنے اسٹروکس کا فیصلہ کرتا ہوں، میرے 80فیصد تک اندازے درست ثابت ہوتے ہیں، کوئی بھی بولر ہو اس پر حاوی ہونے کی کوشش کرتا ہوں مگر جارحیت کیلیے مضبوط تکنیک کی بھی ضرورت ہے، پشاور زلمی کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی سنچری بنانے والے شرجیل خان بھی کراچی کنگز کو جارحانہ آغاز فراہم کرنے کیلیے پْرعزم ہیں،ان کا کہنا ہے کہ 70 سے 80 فیصد میچ کا فیصلہ ابتدائی 6اوورز میں ہی ہوجاتا ہے،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں باؤنڈریز ہی میچ جتواتی ہیں،میری کوشش ہوگی کہ نہ صرف جارحانہ آغاز فراہم کروں بلکہ بعد میں اننگز کو آگے بڑھانے میں بھی دیگر بیٹرز کا ساتھ دوں۔

انہوں نے کہا کہ کنڈیشنز کو سمجھنا ضروری ہے، اس کیلیے ایک اوور تحمل سے کھیلنے میں بھی کوئی خرابی نہیں، پیسر مقابل ہو یا اسپنر پلان یہی ہوتا ہے کہ وکٹ محفوظ رکھتے ہوئے جارحانہ اسٹروکس سے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کروں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں