پاکستان سمیت دنیا بھرمیں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا
سرکاری اور نجی سطح پر مختلف شہروں میں تقاریب، ریلیوں، جلسوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا، اس حوالے سے سرکاری اور نجی سطح پر مختلف شہروں میں تقاریب، ریلیوں، جلسوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا۔
نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف شہر شہر نگر نگر ریلیوں، جلسوں اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
صبح 9 بج کر 58 منٹ پر سائرن بجتے ہی 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ مظفرآباد، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی سب سے بڑی زنجیر بنائی گئی جس میں بچوں اور خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے، کوہالہ پل کی مرکزی تقریب میں چاروں صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس تک کشمیر ریلی نکالی جس میں ترجمان دفتر خارجہ اور مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائرہ سمیت حریت رہنماوں اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئے۔
مشیر امور کشمیر قمر الزمان کائرہ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کمشیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے کشمیر میں عالمی سرمایہ کاری کی تمام بھارتی کوششیں ناکام ہوں گی، منصفانہ جدوجہد میں نسل در نسل کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں سماجی اور سیاسی تنظیموں کی جانب سے کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے کی غرض سے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت شہر شہر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا آج خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف کشمیر اسمبلی سے خطاب کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پورا پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرنے کے لیے اکٹھا ہے، کشمیری عوام اقوام متحدہ کے منظور شدہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہندوستانی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی غاصبانہ قبضے سے آزادی کے لیے انتھک جدوجہد کر رہے ہیں، کشمیری عوام نے اپنی قربانیوں سے آزادی کی مشعل کو جلا رکھا ہے۔ میرا یقین ہے کہ کشمیریوں کے خواب جلد ہی پورے ہوں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف نے کہا کہ کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان اُن کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے، ہم بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی دہائیوں پرانی مزاحمت میں بے لوث قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم یہ دن عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی طرف مبذول کرانے کے لیے مناتے ہیں، جموں و کشمیر کے تنازعے کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔