کرپشن کیس کئی کرداروں کے چہروں سے نقاب نہ ہٹ سکا

پی سی بی نے صرف آصف آفریدی پر پابندی لگا کر فائل بند کر دی،بعض مشکوک شخصیات کو نئی ذمہ داریاں بھی مل گئیں


Saleem Khaliq February 08, 2023
پی سی بی نے صرف آصف آفریدی پر پابندی لگا کر فائل بند کر دی،بعض مشکوک شخصیات کو نئی ذمہ داریاں بھی مل گئیں۔ فوٹو: فائل

کرپشن کیس کے کئی کرداروں کے چہروں سے نقاب نہ ہٹ سکا جب کہ پی سی بی نے صرف آصف آفریدی پر پابندی لگا کر فائل بند کر دی۔

قومی ٹی 20 کپ کی ٹیم خیبرپختونخوا کے لیفٹ آرم اسپنر آصف آفریدی کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر پی سی بی نے گذشتہ برس معطل کر دیا تھا،اب 2 برس کی پابندی عائد کر دی گئی۔

اس کیس میں مزید2 کرکٹرز پر بھی شکوک سامنے آئے جبکہ ایک کوچ کا کردار بھی انتہائی مشکوک رہا تھا،کے پی ایل میں آصف آفریدی نے راولا کوٹ ہاکس کی نمائندگی کی،ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی منتظمین کو اسپنر پر شکوک ہو گئے، جب پی سی بی سے استفسار کیا گیا تو جواب ملا کہ کیس کی جڑ تک پہنچنے کیلیے آصف کو کھیلنے سے نہیں روکا گیا۔

جموں جانباز سے راولاکوٹ کے بارش کی نذر ہونے والے پہلے میچ میں اسپنر نے3 اوورز میں 35 رنز دیے اور ایک وکٹ لی، کوٹلی کیخلاف مقابلہ شروع ہونے سے قبل ہی اسے مانیٹر کرنے کی ہدایت جاری ہو چکی تھی، اس میں راولاکوٹ کو10 وکٹ سے شکست ہوئی۔

آصف آفریدی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی گیند پر بولڈ ہو گئے،بولنگ کا آغاز کرتے ہوئے انھوں نے 4 اوورز میں 52 رنز دیے مگر وکٹ سے محروم رہے، میچ کے بعد ایونٹ منتظمین کی پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیسر سے تفصیلی بات ہوئی۔

حیران کن طور قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کیلیے بھی آصف آفریدی کو خیبر پختونخوا کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا جس پر بعض حلقوں نے اعتراض کیا،سینٹرل پنجاب کیخلاف انھوں نے 24 رنز کے عوض2 وکٹیں لیں، اس کے بعد انھیں کسی میچ میں نہیں کھلایا گیا اور پھر معطل ہو گئے۔

یاد رہے کہ آصف کی شکایت سب سے پہلے 2021 میں ایک ٹیسٹ کرکٹر نے بورڈ سے کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ اسپنر نے قائد اعظم ٹرافی کے دوران بنگلہ دیش لیگ جوائن کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے بعض میچز میں کسی اور کے لیے بھی ''کھیلنے'' کا کہا تھا، مذکورہ کرکٹر نے پی سی بی کو بھی معاملے کی رپورٹ کر دی۔

اس پر تحقیقات شروع ہوئیں،قائد اعظم ٹرافی فائنل کے دوران اینٹی کرپشن یونٹ نے آصف آفریدی کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا تھا، وہ ویڈیو بیان میں جرم کا اعتراف کر چکے تھے، حیران کن طور پر اس کے باوجود پی ایس ایل ڈرافٹ میں اسپنر کا نام شامل رہا۔

بورڈ کی جانب سے کوئی ہدایت نہ ملنے پر ایک فرنچائز نے انھیں منتخب بھی کر لیا،البتہ ابتدائی 8 میچز میں نہیں کھلایا گیا،پھر5 میچز میں آزمایا جس میں انھوں نے 15.50 کی اوسط سے 8 وکٹیں حاصل کیں۔

حیران کن طور پر آسٹریلیا سے ہوم سیریز کے اسکواڈ میں بھی آصف آفریدی شامل رہے مگر انھیں کسی میچ میں نہیں کھلایا گیا، پی سی بی نے ہی انھیں افغان لیگ کیلیے این او سی دیا جبکہ کے پی ایل کھیلنے کی بھی اجازت دی۔

ذرائع نے بتایا کہ اس کیس کے کئی مشکوک افراد کو بچا لیا گیا ہے، بعض کے پاس ''تگڑی''سفارشیں بھی موجود تھیں، حیران کن طور پر کچھ شخصیات کو نئی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔

اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی ذرائع نے کہا کہ یہ کیس سابقہ انتظامیہ کے دور کا ہے، ہم نے دستیاب شواہد کی بنا پر ہی کارروائی کی،ہمیں کسی اور کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں