زلزلہ متاثرین کیلیے مزید امدادی پروازیں شام اور ترکیہ پہنچ گئیں

پاک فضائیہ اور این ڈی ایم اے کی جانب سے زلزلہ متاثرین کے لیے مزید خصوصی امدادی پروازیں بھی روانہ ہوں گی


ویب ڈیسک February 08, 2023
پاک فضائیہ کا دوسرا سی 130 طیارہ خیمے، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ لے کر ترکیہ پہنچ گیا

ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان سے امدادی سامان اور ریسکیو ٹیموں پر مشتمل خصوصی پروازیں دوسرے روز بھی انقرہ اور دمشق پہنچ گئیں۔

ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کا دوسرا سی۔130 طیارہ پی اے ایف بیس لاہور سے خیمے، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ لے کر ترکیہ پہنچ گیا ہے۔

پاک فضائیہ کا سی-130 ہرکولیس طیارہ پاکستانی عوام کی طرف سے زلزلہ سے متاثرہ ترک بھائیوں کے لیے 18634 پاؤنڈ امدادی سامان لے کر پہنچا۔ ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ زلزلے کے باعث پھنسے ہوئے پاکستانی طلبہ کو وزارت خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے وطن واپس لانے کی بھی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے خصوصی امدادی کھیپ روانہ کردی گئی، جس میں خیمے اور کمبل شامل ہیں۔ روانگی کے وقت وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر، چیئرمین این ڈی ایم اے اور شام کے سفیر بھی ائرپورٹ پر موجود تھے۔ امدادی سامان اسلام آباد ائرپورٹ سے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے دمشق بھیجا گیا۔

زلزلے سے متاثرہ شامی بہن بھائیوں کے لیے مزید امدادی سامان جلد بھیجا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے مشکل کی اس گھڑی میں شام کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ اسلام آباد ائرپورٹ سے بھیجا گیا امدادی سامان شام میں تعینات پاکستانی سفیر شاہد علوی وصول کریں گے۔ مزید امدادی سامان براستہ روڈ شام اور ترکیہ کے لیے جلد روانہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |