راکھی ساونت کا علیحدگی کے بعد شوہرعادل پر ڈیڑھ کروڑ روپے فراڈ اور تشدد کا الزام

راکھی ساونت اور ان کے شوہر نے 6 فروری کو علیحدگی اختیار کرلی تھی اور گزشتہ روز پولیس نے عادل خان کو گرفتار بھی کیا

راکھی ساونت نے جنوری میں اسلام قبول کرکے اپنے مسلم دوست سے شادی کا اعلان کیا تھا، فوٹو: فائل

راکھی ساونت نے علیحدگی کے بعد اپنے شوہر عادل درانی پر ڈیڑھ کروڑ روپے فراڈ اور بار بار جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

خبروں میں متنازع حیثیت رکھنے والی راکھی ساونت کی پہلے منظر عام پر آنے والی شادی اور پھر اس کے نامکمل ڈراپ سین کے ہر طرف چرچے ہیں۔ حال ہی میں والدہ کی کینسر کے مرض میں موت کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار بھی رہی ہیں۔

گزشتہ ماہ راکھی ساونت نے اچانک مسلمان بزنس مین عادل خان درانی کے ساتھ شادی اور اسلام قبول کرنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تاہم یہ معاملہ اس وقت مشکوک ہوگیا جب ہر وقت ساتھ رہنے والے عادل خان نے کسی بھی فورم پر شادی کا اقرار نہیں کیا۔

یہ خبر پڑھیں : پولیس نے راکھی ساونت کے شوہرعادل خان کو گرفتار کر لیا

میڈیا نے جب یہ بات اُٹھائی تو بقول راکھی ساونت اداکار سلمان خان نے مداخلت کی اور ان ہی کے کہنے پر عادل نے راکھی ساونت کے ساتھ شادی کا اقرار کرلیا لیکن پھر ایک اور ایک ویڈیو میں راکھی ساونت نے اپنا حمل ضائع ہونے سے متعلق بتایا۔


یہ بھی پڑھیں : راکھی ساونت نے اسلام قبول کر کے اپنا نام بھی تبدیل کر لیا

ابھی یہ معاملہ بھی نہیں دبا تھا کہ راکھی ساونت نے ایک اور ویڈیو پیغام میں شوہر عادل خان پر بے وفائی کا الزام عائد کرکے علیحدگی کا اعلان کردیا اور پولیس میں رپورٹ درج کرادی اس بات سے بے خبر عادل جب گزشتہ روز گھر پہنچے تو پولیس نے انھیں دھرلیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : راکھی ساونت اور عادل خان نے راہیں جُدا کرلیں

عادل خان سے پولیس ابھی تفتیش کر رہی ہے لیکن اب بھی راکھی ساونت اپنے ویڈیوز بیان میں مسلسل عادل خان پر الزامات لگا رہی ہیں۔ راکھی ساونت کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر نے 28 جنوری، 30 جنوری اور 31 جنوری کو ان پر تشدد کیا تھا۔

راکھی ساونت نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں نے آپ سب کو اپنے زخموں کے سرٹیفیکٹس بھیجے ہیں۔

راکھی ساونت نے عادل خان پر ڈیڑھ کروڑ کے فراڈ کا الزام کرتے ہوئے کہا کہ رادل پروڈکشن میں عادل نے جھوٹا اکاؤنٹ بھی کھولا اور 10 لاکھ روپے کا گھپلا کیا۔
Load Next Story