گوادر میں ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کیلیے زمین مختص

گوادر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کا منصوبہ چین کے ساتھ زمینی راستے اور گوادر کے محل وقوع کی بنا پر اہمیت کا حامل ہے


Business Reporter April 09, 2014
سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دینگے،رابعہ جویری، آئندہ اجلاس گوادر میں منعقدکرنے کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

گوادر میں ایک ہزار ایکٹر زمین ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے لیے مختص کردی گئی، منصوبے کی تکمیل سے روزگار کے وسیع مواقع مہیا ہوں گے، ساتھ ہی ملک کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔

گوادر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون منصوبے کی ایڈوائزری کمیٹی کا دوسرا اجلاس گزشتہ روز کراچی میں منعقد ہوا، ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رابعہ جویری آغا نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کی سہولت سے پاکستانی برآمدات کے لیے بھرپور مواقع مہیا ہوئے ہیں، گوادر میں ایک ہزار ایکڑ پر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے قیام کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی سپورٹ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کا منصوبہ چین کے ساتھ زمینی راستے اور گوادر کے محل وقوع کی بنا پر اہمیت کا حامل ہے، چین نے متعدد اکنامک زونز پر مشتمل اکنامک کوریڈور کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے آنے والے دنوں میں ترقی کی رفتار بہتر کرنے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھرپور مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے لیگل فریم ورک کے تحت سرمایہ کاروں اور صنعتی یونٹس کو ہرممکن ٹیکس فری سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

اس موقع پر گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سجاد نے گوادر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے بارے میں پریزنٹیشن دی اجلاس میں شریک مکران کے کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ گوادر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے قیام کے لیے زمین کی میوٹیشن کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا، گوادر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی ایڈوائزری کمیٹی کا آئندہ اجلاس گوادر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں