وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں دہشت گردی کا ملبہ میڈیا کے سر ڈال دیا

میڈیا اگر دہشت گردوں کی پروموشن نہ کرے تو دہشت گردی میں 70 فیصد کمی ہوجائے گی، عبد القدوس بزنجو


ویب ڈیسک February 09, 2023
عبدالقدوس بزنجو۔ : فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ اگر میڈیا دہشت گردوں کی پروموشن نہ کرے تو 70 فیصد دہشت گردی میں کمی ہوجائے گی۔

کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کی پرموشن نہ کیا جائے تو 70فیصد دہشتگردی میں کمی ہوگی، جو چیز میڈیا پر دکھائی جائے گی اُسے سچ مانا جائے گا دہشت گردی خبر بنانے کیلئے کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض چیزیں قومی ذمہ داری بن جاتی ہیں بلوچستان کی میڈیا نے اپنی ذمہ داری نبھا دی ، دن بدن حالات بہتری کی طرف لے جانے کی کوشش کررہے ہیں، بلوچستان پسماندہ صوبہ ہے ،این ایف سی ایوارڈ میں بہت کم پیسے ملتے ہیں،مالی اعتبار سے ہماری پوزیشن کمزور ہے لیکن پولیس کی بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، اگر یہاں حالات خراب ہوں گے تو پورے ملک پر اسکے اثرات مرتب ہوں گے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کہ امید اور اللہ پر بھروسہ ہے کہ اپنی ذمہ داری نبھاؤں گا اور اُسے ادا کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبہ کیس بین الاقوامی عدالت میں ہار چکے تھے لیکن ہارے ہوئے کیس میں اپنا حصہ لینا ہماری بڑی کامیابی ہے، یہاں کی معدنیات بارے صحیح فیصلے لیا جائے تو ہمیں آئی ایم ایف کی طرف نہیں دیکھنا پڑے گا، پاکستان کی تاریخ میں 8 ارب ڈالر جتنا بڑا معاہدہ نہیں ہوا ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کے ساتھ آگے بڑھنے کے ساتھ سپورٹ کی ضرورت ہے، شرپسند عناصر ہمارے سیدھے لوگوں استعمال کرکے ناپاک عزائم حاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف فعال کردار ادا کررہے ہیں، این ایف سی کے پچھلے سال اور امسال کے بقایاجات تھے، پی پی ایل پر 2016 سے بقایاجات ہیں، ہم نے سخت موقف اپنایا امید ہے کہ وزیراعظم بلوچستان کے مسائل کو دیکھتے ہوئے مزید اقدامات کریں گے، بلوچستان قبائلی صوبہ ہے یہاں صرف سیاسی نہیں بلکہ قبائلی روایات ہیں کوئی ہار جائیں تو اگلے کو گلے لگا لیتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں