تعلیمی سال کے 9 دن گزر گئے سرکاری اسکولوں میں کتب تقسیم نہ ہوسکیں

سرکاری اسکولوں میں تدریس کا عمل شروع نہ ہوسکا، طلبا اور اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا


Staff Reporter April 10, 2014
نجی اسکولوں کے طلبہ وطالبات کی نصابی کتابیں بھی اردو بازار تک نہ پہنچ سکیں، نصابی کتب کی خریداری کیلیے آنے والے طلبہ اور والدین خالی ہاتھ لوٹ رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

صوبائی محکمہ تعلیم کے تحت نصاب میں کی گئی تبدیلی کے سبب نئے تعلیمی سیشن پرکراچی میں سرکاری اسکولوں کونصابی کتابوں کی تقسیم میں تاخیر ہوگئی۔

نجی اسکولوں کے طلبہ وطالبات کے لیے مارکیٹ کوفراہم کی جانے والی نصابی کتابیں بھی ابھی اردوبازارتک نہیں پہنچ سکی ہیں، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے تحت بیشترنصابی کتابیں ابھی پبلشرزکے پاس چھپائی کے مرحلے میں ہیں، کتابوں کی مفت تقسیم میں تاخیر کے سبب کراچی کے سرکاری اسکولوں میں تاحال تدریسی سلسلے کاآغاز نہیں ہوسکاہے جبکہ اردوبازارمیں صرف میٹرک کی ریاضی اور طبعیات کی کتابیں فراہم کی جاسکیں ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں تعلیمی سیشن یکم اپریل سے شروع ہوچکاہے تاہم صوبائی محکمہ تعلیم نے انقلابی اقدام کرتے ہوئے اس بار پرائمری کلاسز کانصاب تبدیل کردیاہے نصاب کی تبدیلی کے بعد کتابیں ابھی اشاعت کے مرحلے میں ہیں اورکراچی کے 18میں سے 4ٹائونزکے سرکاری اسکولوں کوکتابیں فراہم کی گئی ہیں ، ڈائریکٹراسکولز کراچی عبدالوہاب عباسی کے مطابق کیماڑی ٹائون، لیاری ٹائون ،بلدیہ ٹاؤن اور سائٹ ٹائون کے سرکاری اسکولوں کودرسی کتب کی مفت فراہمی ہوچکی،باقی ٹائون میں بھی روزانہ کی بنیادوں پرکتابیں دی جارہی ہیں ، روزانہ2ٹائونزمیں کتابیں دی جائیں گی اورایک ہفتے میں کتابوں کی مفت تقسیم کاعمل مکمل کرلیا جائے گا۔

ادھر نجی اسکولوں کے طلبا کے لیے درسی کتب کی فراہمی کا عمل ابھی سست روی کا شکارہے ، اردوبازار ایسوسی ایشن کے صدرنسیم احمد کے مطابق بدھ کی شام تک صرف میٹرک کی ریاضی اورطبعیات (انگریزی زبان )کی کتابیں بک سیلرز کو فراہم کی گئی ہیں، پہلی سے دسویں جماعت کی دیگر مضامین کی کتابیں اردوبازارمیں نہیں پہنچ سکی ہیں ، نجی اسکولوں کے طلبا اور والدین کتابوں کی خریداری کے لیے آرہے ہیں لیکن بغیر کتابوں کے واپس لوٹ رہے ہیں ، ذرائع کاکہنا ہے کہ نصاب کی تبدیلی کے سبب پرائمری کلاسز کی کتابیں ابھی چھپائی کے مرحلے سے گزررہی ہیں اورجوکتابیں شائع ہورہی ہیں ،وہ اسکولوں میں فراہم کی جارہی ہیں ،اسکولوں میں کتابوں کی مفت فراہمی کے بعد باقاعدہ طورپراردوبازارمیں درسی کتابیں فراہم کی جائیں گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں