شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے جعلی پولیس اہلکار گرفتار

ملزمان رقم کی وصولی کے لیے جعلی ایزی پیسہ اور جاز کیش اکاؤنٹس استعمال کرتے تھے، موبائل فونز برآمد کرلیے گئے

ملزمان کو سائبر کرائم سرکل نے گرفتار کیا

خود کو پولیس ملازمین ظاہر کرکے شہریوں کو لوٹنے والے مختلف گروہوں کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

سائبر کرائم سرکل فیصل آباد کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ملزمان خود کو پولیس اہل کار ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو کال کرتے تھے اور کسی رشتےدار کی جعلی گرفتاری کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے پیسے بٹور لیتے تھے۔ گرفتار ملزمان مختلف شکایت کنندگان سے 12 لاکھ روپے بٹور چکے تھے۔


ملزمان مطلوبہ رقم کی وصولی کے لیے جعلی ایزی پیسہ اور جازکیش اکاونٹس استعمال کرتے تھے۔ چھاپا مار ٹیم نے ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز برآمد کر لیے۔ ملزمان عوام کو اپنے جال میں پھنسانے کے لیے وائرلیس کی ریکارڈڈ آواز کا بھی استعمال کرتے تھے۔

گرفتار ملزمان میں محمد منیر، عنصر عباس، عامر، محمد عمران اور محمد اسلم شامل ہیں، جنہیں جھنگ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف ییکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
Load Next Story