مردان سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد ہلاک

ہلاک ملزمان کی شناخت ذیشان اور سلمان کے ناموں سے ہوئی، 2 سے 3 ساتھی فرار ہوگئے، سی ٹی ڈی

فوٹو:فائل

ضلع نوشہرہ مصری بانڈہ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

محکمہ انسداد دہشتگردی مردان ریجن کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ علاقہ تھانہ رسالپور ضلع نوشہرہ مصری بانڈہ میں دہشت گردوں کا منظم گروہ دہشتگردی کی ایک بڑی کارروائی کی غرض سےعلاقے میں موجود ہے۔

سی ٹی ڈی کی آپریشن ٹیم علاقے میں پہنچی تو اچانک مخالف سمت سے جوانوں پر ہینڈ گرینڈ پھینکے گئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع ہوگئی جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی۔


آپریشن کے دوران دو دہشتگرد ہلاک جبکہ انکے 2 سے 3 ساتھی فرار ہوگئے، ہلاک دہشتگردوں کی شناخت محمد ذیشان عرف عثمان اور سلمان عرف اماراتی کے ناموں سے ہوئی۔

دونوں دہشتگرد محکمہ انسداد دہشتگردی مردان کو پولیس پر حملوں اور بھتہ خوری سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

ملزمان کانسٹبل بلال، کانسٹبل مزمل شاہ اور کانسٹبل زرمست کو شہید کرنے کے علاوہ سینئر میڈیکل ٹیکنیشن عبدالتواب کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

پولیس کی بھاری نفری نے فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
Load Next Story