پی ایس ایل8 ’’ بابراعظم سرفراز کی زیر قیادت کھیلنے کیلیے تیار تھے‘‘

وکٹ کیپر نے بھی بیٹرکے حوالے سے یہی بات کہی مگر معاہدہ نہ ہو سکا،اونرکوئٹہ


Saleem Khaliq February 10, 2023
سرفراز ورضوان ٹیسٹ اور ون ڈے میں ایک ساتھ بھی کھیل سکتے ہیں،ندیم عمر (فوٹو: ٹوئٹر)

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں سرفراز احمد کی زیر قیادت کھیلنے کیلیے تیار تھے، وکٹ کیپر نے بھی ان کے حوالے سے یہی بات کہی تھی مگر معاہدہ نہ ہوسکا، یہ انکشاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کیا۔

ان کے مطابق دونوں سینئر کرکٹرز کا اچھا تعلق برقرار ہے،سرفراز اور محمد رضوان ٹیسٹ اور ون ڈے میں ایک ساتھ بھی کھیل سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ یہ بابر اعظم اور سرفراز احمد کے کردار کی خوبصورتی ہے کہ پی ایس ایل 8 میں دونوں ایک دوسرے کی زیرقیادت کھیلنے کو تیار تھے۔

انتہائی پُراعتماد اور حیران کن شخصیت کے مالک پاکستان ٹیم کے کپتان اپنے کھیل پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں،سرفراز احمد کی جگہ بابر نے قومی سائیڈ کی قیادت سنبھالی مگر ان کا آپس میں بڑا اچھا تعلق ہے،لگتا نہیں کہ ایک کی جگہ دوسرا کپتان بنا ہے۔

مزید پڑھیں: ''میری پرفارمنس اچھی نہیں کیویز کیخلاف سرفراز کو کھلائیں''، محمد رضوان

ہم گذشتہ 3 سیزنز سے کوشش کررہے تھے کہ بابر اعظم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل ہوتے،اس بار بھی ڈرافٹ میں ان کو منتخب کرنا چاہتے تھے مگر پشاور زلمی کو کپتان کی بھی ضرورت تھی۔

انھوں نے موقع سے فائدہ اٹھایا۔ گزشتہ 3 سیزنز کے پلے آف میں جگہ نہ بنانے کے سوال پر ندیم عمر نے کہا کہ ہمارے میچز کا شیڈول اچھا نہیں تھا،کپتان سرفراز احمد کے ساتھ جو ہوا وہ سب جانتے ہیں، کپتان پریشان ہو تو ٹیم کی کارکردگی پر اثر پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل8 کیلئے نئی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

اس بار کپتان بھی مطمئن اور سخت محنت کررہے ہیں،انھوں نے4 سال بعد کم بیک میں غیر معمولی پرفارم کیا، ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی سے ان کا اعتماد بھی بڑھ گیا،امید ہے کہ قیادت کا حق ادا کریں گے،ہماراکمبی نیشن بھی بہت اچھا ہے،کوئٹہ میں کھیلے جانے والے میچ میں سخت مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دی۔

ایک سوال پر ندیم عمر نے کہا کہ سرفراز احمد اور محمد رضوان ٹیسٹ اور ون ڈے میں ایک ساتھ بھی کھیل سکتے ہیں، رضوان اچھے وکٹ کیپر ہیں،اسپن پچز پر پاکستانی بیٹرز کی مشکلات کو دیکھا جائے تو مڈل آرڈر میں سرفراز احمد کی ضرورت ہے، ڈراپ ہونے کے بعد ان کے 3سال ضائع ہوگئے۔

افتخار کے اوور میں 6 چھکوں کی پہلے ہی پیشگوئی کردی تھی

ندیم عمر نے کہا کہ میں نے افتخار احمد کے اوور میں 6 چھکوں کی پہلے ہی پیشگوئی کردی تھی،انھوں نے کہا کہ وہاب ریاض غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل بولر ہیں۔

مزید پڑھیں: شاہین کپتان ہو! لاہور ہو تو ٹرافی اٹھانے کا مزہ ایسا کہیں نہیں، قلندرز ہیڈکوچ

ایک اوور سے کوئی بولر چھوٹا نہیں ہوجاتا، پیسر نے 3اوورز میں 9رنز دیے تھے کہ چوتھے میں 6چھکے پڑ گئے، شاید وہ تھکے بھی ہوئے تھے جس کا افتخار احمد نے بھرپور فائدہ اٹھایا، میں نے تو ٹی وی پر ہی تبصرے میں بتادیا تھا کہ 6چھکے لگیں گے۔

جب وہاب ریاض کو بولنگ کیلیے بلایا تو میں نے کہا کہ افتخار بھائی چھوڑیں گے نہیں،اس دن میں نے جو کہا اتفاق سے ہورہا تھا۔

ہارون رشید اور دیگر پی سی بی عہدیدار بھی وہاں موجود تھے، اس اوور نے پی ایس ایل کا ماحول بنا دیا،نمائشی میچ میں افتخار نے بولنگ میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کم بیک کرایا،نسیم شاہ نے آخری اوور شاندار کیا۔

سرفراز گرائونڈ میں ہی جذباتی نظر آتے ہیں باہر غصہ نہیں کرتے

ندیم عمر نے کہا کہ سرفراز احمد گرائونڈ میں ہی جذباتی نظر آتے ہیں باہر غصہ نہیں کرتے، ان کا انڈر 19 سے ہی قیادت کا اپنا انداز ہے۔

ویرات کوہلی ہو یا دھونی سب کا اپنا اسٹائل ہے،2 سال وہ ذرا اپ سیٹ لگے، اس بار تھوڑی تبدیلی نظر آئے گی، میچز آگے بڑھے تو ان کا پرانا انداز لوٹ آئے گا۔

رچرڈز جلد ٹیم کو جوائن کرلیں گے

ندیم عمر نے کہا کہ مینٹور ویوین رچرڈز جلد ٹیم کو جوائن کر لیں گے، ان کے پُرجوش انداز سے نہ صرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بلکہ پی ایس ایل کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ فرنچائزز کے اچھے تعلقات ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |