ٹوٹی سڑکوں کی مرمت میں تاخیر کچرے کے ڈھیر

بارشوں کے بعد اب تک شہر کی سڑکوں کی نہ تو ازسر نو تعمیر ہوسکی اور نہ ہی کچھ مقامات کے علاوہ استرکاری کی گئی

لیاری نیا آباد میں سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے بعد سڑک کو استرکاری کے بغیر چھوڑدیا گیا ہے جس سے راہ گیر پریشان ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

شہر کے بیشتر علاقوں میں ٹوٹی سڑکوں کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی، کچرے کے ڈھیر لگ گئے، افسران کی عدم دلچسپی کے باعث بلدیاتی نظام غیر فعال ہوگیا، عارضی بنیاد پر کام چلا یا جا رہا ہے جس نے شہر کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں، مرکزی سڑکوں کے ساتھ گلی محلوں کی سڑکوں کی حالت ابتر ہوگئی، کچرا اٹھانے کے ناقص انتظامات کی وجہ سے جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔

سیوریج لائنوں کے رساؤ کی وجہ سے گندا پانی شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے، ملک کے سب سے بڑے شہر کا انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے، کچھ مقامات پر استرکاری کی گئی ہے لیکن شہر کی بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ ضلع وسطی، غربی، ملیر، کورنگی میں انفراسٹرکچر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔


بارشوں کے بعد اب تک شہر کی سڑکوں کی نہ تو ازسر نو تعمیر ہوسکی اور نہ ہی کچھ مقامات کے علاوہ استرکاری کی گئی، لیاقت آباد 10نمبر، کریم آباد، واٹر بورڈ سے کے ایچ آئی ڈی، بنارس چوک، کورنگی ایکسپریس وے، گلشن اقبال 13ڈی، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، سائٹ ایر یا، کورنگی صنعتی ایریا، قائد آباد، ملیر اور شاہ فیصل کالونی میں سڑکیں زبوں حالی کا شکار ہیں۔

جہانگیر روڈ سے تو گزرنا ہی محال ہوگیا ہے جس کے بارے میں سندھ حکومت کی جانب سے دعوے کیے گئے کہ تعمیر کر دی گئی ہے، اسی طرح گلیوں اور محلوں کی کم و بیش پورے شہر میں انفراسٹرکچر تباہ حال ہے شاید ہی کوئی سڑک ہو جو سلامت ہو۔

کراچی میں دعوے کیے جا رہے ہیں کہ سندھ لوکل گورنمنٹ، بلدیہ عظمیٰ کراچی، ادارہ ترقیات کراچی، بلدیہ عالیہ شرقی، کورنگی، وسطی، غربی، ملیر، جنوبی اور کیماڑی کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر کے دعوے کیے جا رہے ہیں لیکن عملی طور پر شہر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

اسی طرح کچرا اٹھانے کے لیے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے بڑے دعوے کیے جا رہے ہیں لیکن عملی طور پر کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر 6 سے 8ہزار ٹن کچرا نہیں اٹھایا جا رہا جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں تعفن اٹھ رہا ہے۔ شہر میں سیوریج کا نظام بھی بری طر ح متاثر ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی جو ایک بین الاقومی شہر تھا اب کسی گاؤں دیہات کا منظر پیش کر رہا ہے۔
Load Next Story