وفاقی حکومت پیکا ایکٹ کی واپسی کا وعدہ پورا کرے ایمنڈ

صحافیوں کیخلاف غداری کے مقدمات اور انتقامی کارروائیاں قابل مذمت ہیں


Press Release February 10, 2023
ورکرزکی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں مطالبہ ۔ فوٹو:فائل

ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائیریکٹرز (ایمنڈ) کی ایگزیکٹو کمیٹی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیکا ایکٹ کی واپسی کا اپنا وعدہ پورا کرے اور میڈیا قوانین میں ترامیم اور نفاذ سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر میڈیا کارکنوں کی تنخواہوں میں اضافے کیا جائے ، یہ مطالبے لاہور میں ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائیریکٹرز (ایمنڈ) کے صدر اظہر عباس کی زیرصدارت ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے۔

اجلاس میں لاہور ،کراچی، پشاور، اسلام آباد سے ایمنڈ کے عہدیداروں نے شرکت کی ، اجلاس میں بعض صحافیوں کے خلاف غداری کے مقدمات کے اندراج اور انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔

ایمنڈ نے پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو جاری کئے گئے نوٹسز پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ بھی طے کیا کہ ایسو سی ایشن کا نمائندہ وفد اس سلسلے میں چئیرمین پیمرا سے ملاقات کرے گا۔

اجلاس میں صحافتی ضابطہ اخلاق پر موثر عمل درآمد کے لئے پروڈیوسرز اور رپورٹرز کی تربیت کا اہتمام کرنے اور آزادی صحافت کے دن کی مناسبت سے اسلام آباد میں بین الاقوامی سمینار کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سند ھ میں جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے نفاذ کو سراہا گیا اور وفاق اور باقی صوبوں پر بھی زور دیا گیا کہ وہ بھی صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کریں ،اس موقع پر نیوز ڈیجٹل میڈیا پلیٹ فارمز کی ایسوسی ایشن میں شمولیت اور آٹھ نئے ممبران کے ناموں کی منظوری بھی دی گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں