بھارتی جیلوں سے 12 ماہی گیر کراچی پہنچ گئے پیاروں نے استقبال کیا

16ماہی گیروں نے سزا پوری کی، 4کا تعلق آزاد کشمیر اور 12کا کراچی و سجاول سے تھا

ماہی گیروں کو9سال قبل سمندری حدودکی خلاف ورزی پرگرفتارکیاگیا،بھارت میں قید ماہی گیروں کو جلد واپس لایا جائے،ماہی گیر ۔ فوٹو : فائل

بھارتی جیلوں میں قید 16 ماہی گیر سزا پوری ہونے کے بعد پاکستان پہنچ گئے، 4 ماہی گیروں کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا جنہیں واہگہ بارڈر سے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا جبکہ 12ماہی گیروں کا تعلق کراچی سمیت اندرون سندھ (سجاول) سے تھا۔

ماہی گیر ایدھی فاؤنڈیشن سینٹر ٹاور پہنچے تو ماہی گیروں کا ان کے پیاروں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، کم و بیش 9 سال بعد رہا ہونے والے ماہی گیروں کے اپنوں سے ملنے پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے، ماہی گیر اپنے پیاروں سے لپٹ لپٹ کر رونے لگے۔

ایدھی سینٹر ٹاور پر ماہی گیروں کے اہل خانہ کے علاوہ متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ کئی سال بعد رہا ہونے والے ماہی گیروں کے اپنوں سے ملنے پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

ماہی گیر اپنے پیاروں سے لپٹ کر رونے لگے، رہائی پانے والے ماہی گیروں میں عبدالسلام، شبیر احمد، محمد رفیق، میر، لالو، مقبول شاہ ، جمن، عثمان، عالم، اللہ وسایا، ساون اور متھن بھی رہا ہونے والوں میں شامل ہیں۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق رہائی پانے والے ماہی گیروں کو سال 2013 اور سال 2014 میں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی حکام نے گرفتار کیا تھا، رہائی پانے والے ماہی گیروں کو ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے فی فکس 5 ہزار اور فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کی جانب سے فی کس 20 ہزارروپے دیے گئے۔


رہائی پانے والے ماہی گیروں نے کئی سال بعد وطن واپس پہنچ کر اپنے پیاروں سے ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی جیلوں میں اب بھی کئی پاکستانی ماہی گیر قید ہیں اور کئی ماہی گیروں کی حالت انتہائی خراب ہے اور کچھ ماہی گیر معذور بھی ہوگئے ہیں جو زمین سے اٹھ بھی نہیں سکتے۔

ماہی گیروں نے پاکستانی اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی ماہی گیروں کو جلد ازجلد پاکستان لانے کے لیے بندوبست کیا جائے اور ایک ایسا لائحہ عمل بنایا جائے کہ دونوں ممالک اس مسئلے کا مستقل بنیادوں پر حل تلاش کریں۔

ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم ماہی گیروں کے لیے وقتاً فوقتاً کام کرتے رہتے ہیں، یہ جتنا وقت جیل میں ہوتے ہیں ہم ان کے اہل خانہ کا خیال رکھتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ 106پاکستانی ماہی گیر تاحال بھارت کی مختلف جیلوں میں قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنے پر مجبور ہیں، بھارتی قید میں موجود پاکستانی ماہی گیروں کی جلد رہائی کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔

 
Load Next Story