اسلام آباد مانچسٹر جانیوالے مسافر سے ہزاروں نشہ آور گولیاں برآمد

پشاور، کراچی اور پاک افغان بارڈر پر کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی


ویب ڈیسک February 10, 2023
(فوٹو فائل)

اے این ایف نے ایک کارروائی میں مانچسٹر جانے والے مسافر سے ہزاروں نشہ آور گولیاں برآمد کرلیں۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فلائٹ نمبر پی کے 705 کے ذریعے مانچسٹر جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2 ہزار 990 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں، جس پر آزاد کشمیر کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری جانب پشاور کے باچہ خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فلائٹ نمبر کیو آر 601 کے ذریعے دوحا جانے والے مسافر کے پیٹ سے 62 آئس اور 30 چرس بھرے کیپسول برآمد کرلیے گئے، ملزم چارسدہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

دریں اثنا اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے بین الاقوامی اسمگلرز کے گروہ کے تمام کارندوں کو گرفتار کرلیا۔خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 10 نصیرآباد میں کارروائی کی گئی۔ فرقان سعید صدیقی نامی ملزم نے گھڑیوں کے ذریعے منشیات اسمگل کرنی تھی ۔

ملزم کے گھر سے 2 گھڑیاں برآمد ہوئیں، جن میں سے چھپائی گئی 800 گرام آئس قبضے میں لے لی گئی۔ مزید تحقیقات کے بعد ملزم نے انکشاف کیا کہ کراچی کی رہائشی خاتون بھی اس گروہ میں ملوث ہے ۔یہ گروہ خلیج اور عرب ممالک میں کئی بار گھڑیوں میں منشیات اسمگل کر چکا ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر ملزمہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

اُدھر اے این ایف اور ایف سی کی خیبر میں مشترکہ کارروائی میں پاک افغان بارڈر پر پلاسٹک کے تھیلوں سے 49 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف نے تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں