وزیراعظم وزرا کی گنتی کے لیے بھی ایک الگ وزیر رکھ لیں سینیٹر مشتاق احمد

لگتا ہے جلد کابینہ کی سنچری پوری ہو جائے گی، دنیا کی سب سے بڑی کابینہ ہے، وزرا یہاں آتے ہی نہیں، اجلاس میں اظہار خیال

(فوٹو فائل)

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم وزرا کی گنتی کے لیے بھی ایک الگ سے وزیر رکھ لیں۔

سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر مشتاق احمد وزرا کی عدم حاضری پر پھٹ پڑے۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل سے نئے 5 وزرا کا اضافہ ہوا ہے، اب مجموعی طور پر 83 کی کابینہ ہو چکی ہے۔


سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی کابینہ ہے جب کہ وزرا یہاں پر آتے ہی نہیں ہیں۔ ایسا لگتا ہے جلد ہی کابینہ کی سنچری پوری ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک علیحدہ سے وزیر رکھیں جو ان وزرا کی گنتی کرے۔

اجلاس میں چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر مشتاق احمد کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں آج اس سلسلے میں وزیراعظم کو خط لکھوں گا۔
Load Next Story