کراچی میں بدامنی کی لہر میں تیزی ڈاکٹر پولیس اہلکار 3 طلبا اور سیاسی کارکن سمیت 12 افراد ہلاک

گلستان جوہر میں ڈاکٹر رضا حیدر اور مدرسے کے طلبا کو نشانہ بنایا گیا، واقعے کے بعد کشیدگی


Staff Reporter April 10, 2014
سولجر بازار، سرجانی، نیوکراچی، منگھوپیر، بلدیہ ٹاؤن، بغدادی، پختون آباد، چنیسرگوٹھ، لائنزایریا، ناتھا خان گوٹھ میں فائرنگ کے واقعات ہوئے۔فوٹو:فائل

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا، ڈاکٹر، پولیس اہلکار اورمدرسے کے3 طلبا اور سیاسی کارکن سمیت مزید12 افراد ہلاک جبکہ10 زخمی ہوگئے۔

شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہرمیں دارالصحت اسپتال کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار نمبرASV-987 میں سوار40 سالہ ڈاکٹر حیدر رضا پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر نامعلوم شخص زخمی ہو گیا، مقتول ڈاکٹر حیدر رضا گلشن اقبال بلاک4 کے رہائشی،2 بچوں کے باپ اور دارالصحت اسپتال میں جنرل فزیشن اور ایمرجنسی کے انچارج تھے،مقتول سابق طالبعلم رہنما صادق جارچوی کے بھتیجے تھے، واقعے کے وقت وہاسپتال سے گھر جارہے تھے کہ اسپتال کے باہر ہی گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کردی، مقتول کو5 گولیاں لگیں۔ سولجر بازار کے علاقے نشتر روڈ جمن شاہ مزارکے قریب نامعلوم ملزمان نے رکشا پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے ڈرائیور31 سالہ تاج محمد شاہ زخمی ہو گیا جسے اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، مقتول گلبہار خاموش کالونی کا رہائشی تھا۔

سرجانی ٹائون کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی، پولیس کے مطابق مقتول کی عمر 30سے35سال ہے۔ نیو کراچی کے علاقے مدینہ اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے عبدالعزیز زخمی ہو گیا، سرجانی ٹائون عبداﷲ آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے فیضان زخمی ہو گیا، منگھو پیر کے علاقے پختون آبادگلی نمبر4 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے28 سالہ محمد خان ولد خان زادہ زخمی ہوگیا۔ بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون میں ہوٹل پر فائرنگ سے پولس اہلکار25 سالہ سعادت خان ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او اتحاد ٹائون شہزاد الیاس کے مطابق مقتول انویسٹی گیشن پولیس زون ٹو میں تعینات تھا۔ بغدادی کے علاقے میں فائرنگ سے50 سالہ اقبال شاہ ہلاک ہوگیا، مقتول کھجوروں کا تاجر تھا، پولیس کے مطابق واقعہ بھتہ خوری کا شاخسانہ ہے۔ منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں 2گروپوں کے درمیان فائرنگ سے محمد خان زخمی ہوگیا، مضروب علاقائی امن کمیٹی کا کارکن تھا، بعدازاں 2گروپوں کے درمیان فائرنگ سے30 سالہ امیر جان ولد گل علی ہلاک ہوگیا، رات گئے تک علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ تھی۔

محمود آباد کے علاقے چنیسر گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے متحدہ کا کارکن20 سالہ نعمت زخمی ہوگیا۔گلستان جوہر کے علاقے میں کانٹی نینٹل بیکری کے قریب تاج بابا ہوٹل پر موٹر سائیکل سوار ملزمان اندھا دھند فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، ہوٹل پر بیٹھے مدرسہ ابو الخیر کے متعدد طلبا شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال پہنچایا گیا جہاں 2 افراد دم توڑ گئے، بعدازاں تمام افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ، جناح اسپتال کی ایمرجنسی کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے ایکسپریس کو بتایا کہ جناح اسپتال لائے جانے والوں میں35 سالہ علی احمد اور 40 سالہ حیات اللہ شامل ہیں جنھیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جبکہ زخمیوں میں35 سالہ عمران ،25 سالہ اسماعیل اور 30 سالہ عبدالغنی شامل ہیں، بعدازاں رات گئے نجی اسپتال میں دم توڑ جانے والے مزید ایک اور شخص کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی جس کی شناخت 35 سالہ ریاض ولد عبدالجبار کے نام سے کی گئی۔

علاوہ ازیں واقعے کے بعد علاقے میںصورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی اور نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے، گاڑیوں پر پتھرائو بھی کیا گیا، مشتعل افراد نے 2 موٹر سائیکلوں اور متعدد پتھاروں کو بھی آگ لگادی، اہلسنت و الجماعت کے ترجمان کے مطابق تمام افراد ان کی جماعت کے ہمدرد ہیں۔ علاوہ ازیں لائنز ایریا میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے35 سالہ امجد ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او غلام نبی آفریدی کے مطابق فائرنگ دولہا وقار کے بھائی رحمن نے کی ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ شاہ فیصل کالونی کے علاقے ناتھا خان گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کا علاقائی عہدیدار پرویز بنگش ہلاک جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر40 سالہ عمر فاروق ولد رحمن خان زخمی ہوگیا ، بغدادی کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ علی بہار ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول کیبل آپریٹر تھا تاہم اسے گینگ وار کے کارندوں نے مخبری کے شبہے میں مارا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں