بیٹے اور بہو کے ہاتھوں پریشان بزرگ خاتون کا کیس فوری سننے کا حکم

بیٹے اور بہو نے ڈیفنس میں واقع گھر پر قبضہ کرکے خاتون کو گھر سے نکالنے کی کوشش کی، خاتون کو فورا سنا جائے، درخواستگزار


کورٹ رپورٹر February 10, 2023
(فوٹو فائل)

سندھ ہائی کورٹ نے 74 سالہ بزرگ خاتون کو بے دخل کرکے گھر پر مبینہ قبضے کے تنازعے سے متعلق کیس ترجیحی بنیادوں پر سننے کا حکم دے دیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو 74 سالہ ماں کو بے دخل کرکے گھر پر مبینہ قبضے کے تنازع سے متعلق بیٹے کامران احمد اور بہو تہمینہ کا کیس مسترد کرنے سے تعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت 74 سالہ خاتون نصرت عدالت میں پیش ہوگئیں۔ عدالت نے 74 سالہ ماں کی کیس ترجیحی بنیادوں پر سننے کی استدعا منظور کرلی۔

درخواست گزار کے وکیل سلیم ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ میری موکلہ پر بہو نے دو بار حملہ کیا، بیٹا اور بہو ڈیفنس 5 فائیو میں واقع گھر پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، میری موکلہ ڈیفنس 5 کے گھر کی قانونی مالکن ہیں، ڈپٹی کمشنر نے ماں کو سننے کے بعد بیٹے اور بہو کو گھر خالی کرنے کا حکم دیا۔

بوڑھی عورت کے وکیل نے کہا کہ بیٹے اور بہو نے ڈی سی کے فیصلے کو سیشن عدالت میں چیلنج کیا، سیشن عدالت نے بیٹے اور بہو کے موقف کو رد کیا، اب بیٹے اور بہو نے سیشن عدالت کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا، بیٹے کامران احمد اور بہو تہمینہ کا کیس مسترد کیا جائے، میری موکلہ بزرگ شہری ہے، ترجیحی بنیادوں پر کیس سنا جائے۔

عدالت نے کیس ترجیحی بنیاد پر سننے کا حکم جاری کردیا اور سماعت دو ہفتے بعد مقرر کردی۔ عدالت نے بزرگ شہری کے باعث کیس کا فائل کور ریڈ کرنے کا حکم دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں