آئندہ 3 سال کے دوران سندھ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے قائم علی شاہ

عالمی سرمایہ کارزراعت، توانائی اوردیگرشعبوں میں سرمایہ لگائیں گے،قائم علی شاہ، دبئی کانفرنس میں شرکت کے بعدگفتگو


آن لائن April 10, 2014
وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کا چیئرمین انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی چائنا اور وفد کے ہمراہ گروپ فوٹو۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے نتیجے میں آئندہ تین سال میں سندھ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔

بین الاقوامی سرمایہ کار سندھ میں زراعت،توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ وہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگوکررہے تھے۔کانفرنس کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے کیا ۔سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم نے کانفرنس کے شرکاکو سندھ میں بزنس کے پرکشش مواقع سے آگاہ کیا ہے،ہمیں توقع ہے کہ اس سے پاکستان کی بین الاقوامی تجارت میں بھی اضافہ ہوگااورسندھ کے عوام بھی خوشحال ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کانفرنس میں شریک متعدد ممالک کے وفود نے مستقبل قریب میں سندھ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا یقین دلایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلیے صوبے کی صنعتی ترقی کیلیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔صوبائی وزیر آبپاشی سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ سندھ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلیے دلچسپی کامرکزبن گیاہے۔اس کانفرنس کے ثمرات بہت جلد عوام کوملنا شروع ہوجائیں گے۔سندھ انویسٹمنٹ بورڈ کے چیئرمین علی ارشد حکیم نے کہاکہ ہم نے دوسرے ممالک میں سندھ کے صنعتکاروں کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بات چیت کی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ان ممالک میں ہمارے صنعت کاروں کو کاروباری سہولتیں فراہم کی جائیں گی جس سے ہمارے سرمایہ کار ملک میں زرمبادلہ کے حجم کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے سرمایہ کاری کی نمائش میں صوبہ سندھ کے اسٹال کا دورہ کیا۔ پاکستانی وفد نے سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں مراکش کے وزیرٹرانسپورٹ عزیز رباب سے ملاقات کی اور ان سے مختلف شعبوں خاص طور پر کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انھیں کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلیے شروع کیے گئے پروجیکٹ کے بارے میں بریف کیا ۔ یہ پروجیکٹ ابتدائی مرحلے میں 70 کلو میٹر پر محیط ہوگااور اس سے لوگوں کو مغربی ممالک کے مساوی ٹرانسپورٹ سہولتیں مل سکیں گی ۔

مراکش کے وزیر نے اس منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیااوریقین دلایا کہ بہت جلد حکومت مراکش اپنا وفد سندھ بھیجے گی۔ پاکستانی وفد نے نمیبیا کے نائب وزیر برائے تجارت و صنعت ٹکرو ٹوایا سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کے ارکان کے ہمراہ ملائشیا کے وزیر پلاننگ، ماحولیات و صنعتی ترقی سراوک سے بھی ملاقات کی اور انھیں بتایا کہ سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور حلال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن ملائشیا پاکستان میں حلا ل انڈسٹری کے قیام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ملائشیا کے وزیرنے پاکستان سے زراعت خاص طور پر آموں کی درآمد بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔وفد نے انڈونیشیا کے چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈمہندرا سری گت سے بھی ملاقات کی ۔انڈونیشیا نے سندھ کے مختلف علاقوں میں صنعتیں لگانے کی یقین دہانی کرائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |