پاپوش قبرستان میں بیگ سے ملنے والے انسانی دھڑ کی شناخت

مقتول شہباز اچکزئی فرنٹیئر کالونی کا رہائشی ہے جس کا آبائی تعلق کوئٹہ سے ہے جسے کسی خاتون نے قتل کرکے پھینکا

مقتول شہباز اچکزئی فرنٹیئر کالونی کا رہائشی ہے جس کا آبائی تعلق کوئٹہ سے ہے جسے کسی خاتون نے قتل کرکے پھینکا (فوٹو : انٹرنیٹ)

پاپوش نگر قبرستان میں بیگ سے ملنے والے نامعلوم شخص کے دھڑ اور بنارس پل کے قریب ندی کنارے سے ملے انسانی بازو کو شناخت کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کو پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ دھڑ اور بازو کی شناخت بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے شہباز خان اچکزئی کے نام سے کی گئی جس کا آبائی علاقہ کوئٹہ سے بتایا جاتا ہے جبکہ مقتول پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن فرنٹیئر کالونی کا رہائشی تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق شہباز خان اچکزئی کو کسی خاتون نے قتل کیا ہے جس کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ پولیس کو واردات کے حوالے سے کچھ سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی ملی ہیں جس میں ایک خاتون رکشا میں سفری بیگ میں لاش لے جاتے ہوئے دکھائی دی ہے۔


تفتیشی ذرائع کے مطابق قوی امکان ہے مقتول شہباز خان اچکزئی کا قتل کوئی گھریلو تنازع ہے تاہم ابھی پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔

اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف عثمان نے بتایا کہ پاپوش نگر قبرستان سے ایک روز قبل سفری بیگ سے نامعلوم شخص کا دھڑ ملا تھا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کچھ فاصلے پر بنارس پل کے قریب واقع ندی کے کنارے سے ایک انسانی بازو بھی ملا تھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس دونوں مقام پر پہنچ گئی اور پولیس نے ملنے والے انسانی دھڑ اور بازو کو تحویل میں لینے کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، سفری بیگ میں دھڑ کے ساتھ ہاتھ پاؤں اور سر موجود نہیں تھا جبکہ سفری بیگ سے پولیس کو آلہ قتل چھری ، ہتھوڑی اور ایک خاتون کی شال ملی تھی جس میں دھڑ لپٹا ہوا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کی مدد سے مقتول کے اعضا جسم سے الگ کیے، ملنے والے انسانی بازو کے ساتھ بھی کسی خاتون نے کپڑے ملے تھے، واقعہ کی تحقیقات میں پولیس کو کچھ سی سی ٹی وی فوٹیجز ملی ہیں جن کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے اور بہت جلد قتل کا معمہ حل کرلیا جائے گا۔
Load Next Story