پارلیمنٹ ہاؤس کیفے ٹیریا میں کیچپ کی بوتل سے کاکروچ برآمد

اپوزیشن لیڈر کا اظہار برہمی، تحقیقات کیلیے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا گیا


INP April 10, 2014
اپوزیشن لیڈر کا اظہار برہمی، تحقیقات کیلیے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا گیا. فوٹو: اے پی پی/فائل

پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفے ٹیریا میں ٹماٹو کیچپ کی بوتل سے کاکروچ برآمد ہوا، صحافیوں کی نشاندہی پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے برہمی کا اظہار کیا۔

ارکان پارلیمنٹ شازیہ مری اور سینیٹر ڈاکٹر کریم ایس خواجہ نے خود آکر کیفے ٹیریا میں بوتل کا معائنہ کرکے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی کو تحقیقات کیلیے خط لکھ دیا، قومی اسمبلی و سینیٹ سیکریٹری کے ذریعے کیچپ تیار کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنی سے وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بدھ کو پولی کلینک اسپتال کے سینئر ڈاکٹر متعدد صحافیوں کے ساتھ سینڈوچ کھا رہے تھے اس دوران میز پر موجود بوتل سے جب پلیٹ میں کیچپ نکالاگیاتو بوتل سے کاکروچ بھی برآمد ہوا، اس پر کیفے ٹیریا میں کھلبلی مچ گئی۔

کیفے ٹیریا میں موجود ارکان پارلیمنٹ اور صحافیوں نے اس پر شدید حیرت کا اظہار کیا۔ یہ معاملہ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے نوٹس میں لایا گیا تو انھوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن کے ارکان ڈاکٹر شازیہ مری اور سینیٹر کریم ایس خواجہ کو خود جائزہ لینے پارلیمانی کیفے ٹیریا بھیجا، دونوں ارکان نے صحافیوں کے ہمراہ مذکورہ بوتل کے علاوہ اسٹاک میں موجود دیگر بوتلوں کا معائنہ بھی کیا۔ اپوزیشن ارکان نے کیفے ٹیریا سے مذکورہ بوتل حاصل کرکے اس کے ساتھ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو خط بھجواتے ہوئے اس واقعے کا سخت نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں