کراچی میں دھرنا روکنے کیلیے پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے اہم ملاقات

پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم قیادت سے جواب کے لیے کل تک کا وقت مانگ لیا، ذرائع


ویب ڈیسک February 11, 2023
ملاقات بغیر کسی نتیجے پر ختم ہوگئی، ذرائع۔ فوٹو اسکرین گریپ

پیپلز پارٹی نے شہر قائد میں دھرنا روکنے کیلیے ایم کیو ایم رہنماؤں سے اہم ملاقات کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی نے شہر قائد میں اتوار کے روز فوارہ چوک پر ایم کیو ایم کے دھرنے کو روکنے کی کوششیں شروع کردیں، اس سلسلے میں وزیر بلدیات ناصر حسین نے ایم کیو ایم قیادت سے رابط کیا اور اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے مطالبات پر پیپلزپارٹی رہنماؤں نے وقت مانگ لیا، ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن موجود تھے، ملاقات میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، مرتضیٰ وہاب اور سعید غنی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ایم کیو ایم نے کراچی میں 53 یوسیز کے اضافہ کرنے اور حیدرآباد میں دیہی علاقوں کو شہری علاقوں میں شامل کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر پیپلزپارٹی نے مطالبات کی یقین دہانی کرائی، ایم کیو ایم نے دھرنا ختم کرنے شرائط رکھ دی اور کہا کہ 53 یوسی کا اضافہ کیا جائے حیدر آباد سے دیہی علاقوں کی یوسی کو ختم کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم قیادت سے جواب کے لیے کل تک کا وقت مانگ لیا، متحدہ کے مطالبے پر کل پیپلزپارٹی اپنی اعلیٰ قیادت کو آگاہ کرکے جواب دے گی جبکہ ایم کیو ایم پاکستان اب تک اتوار کے روز دیے جانے والے دھرنے کے فیصلے پر قائم ہے تاہم ملاقات بغیر کسی نتیجے پر ختم ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں