سابق شوہر نے ٹھنڈا کھانا دینے پر سر پر فرائی پین مارا تھا کومل رضوی کا انکشاف

والدین کو چاہیے کہ اپنی بیٹیوں کو یہ بھی سکھائیں کہ زیادتی کس حد تک برداشت کرنی چاہیے، کومل رضوی


ویب ڈیسک February 11, 2023
(فائل فوٹو)

اداکارہ کومل رضوی کا کہنا ہے کہ وہ طلاق ہونے پر مایوس نہیں ہیں کیونکہ ان کا سابق شوہر انہیں تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔

پاکستان شوبز کی نامور گلوکارہ و اداکارہ کو مل رضوی حال ہی میں ایک نجی انٹرویو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی شادی ناکام ہونے کی وجوہات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کا سابق شوہر ان پر تشدد کرتا تھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی شادی بہت کم عمر میں ہوگئی تھی جس کے بعد وہ کئی سال شوہر کے ساتھ بیرونِ ملک میں رہیں مگر ان کی شادی اس لئے ناکام ہوئی کیونکہ ان کا شوہر ذہنی مریض تھا اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔



کومل رضوی کا کہنا تھا کہ شادی کے وقت وہ بہت کم عمر تھیں اور انہیں صرف کہا گیا کہ شوہر اور اس کے والدین کا خیال رکھو، کھانا پکاؤ، ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے یہ مانتی تھیں کہ اگر ان کا شوہر کھانا ٹھنڈا دینے پر ان کے سر پر فرائی پین مار رہا ہے تو اس میں انہیں کی کوئی غلطی ہوگی۔

کومل رضوی کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بات سمجھنے میں 4 سال لگے ان کی شادی کی ناکامی میں ان کی کوئی غلطی نہیں تھی کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ اگر وہ زیادہ محبت اور زیادہ محنت کریں گی تو ان کا شوہر خوش ہوجائے گا مگر ان کی ہزار کوششوں کے باوجود بھی ایسا نہ ہوا۔



گلوکارہ و اداکارہ کا کہنا تھا کہ والدین کو چاہیے کہ اپنی بیٹیوں کو یہ بھی سکھائیں کہ زیادتی کس حد تک برداشت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں یہ سکھایا ہوتا کہ حد سے زیادہ زیادتی برداشت کرنا بھی گناہ ہے تو وہ پہلے ہی شوہر سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیتی۔

کومل رضوی نے کہا کہ انہیں اپنی شادی ختم ہونے اور طلاق ہونے پر خوشی ہے مگر اس بات کا غم بھی ہے کہ انہوں نے اپنی جوانی کا بہترین حصہ ایک ایسے شخص پر ضائع کر دیا۔

کومل رضوی کے اس انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر تبصرے کرتے ہوئے صارفین کا کہنا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ بیٹوں کو بھی یہ سکھائیں کہ بیوی کے ساتھ اچھا سلوک کرنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں