بغاوت پر اکسانے کا کیس شہباز گل کی بریت کی درخواست مسترد فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد کی عدالت شہباز گل پر آئندہ سماعت پر 27 فروری کو فرد جرم عائد کرے گی

(فوٹو : فائل)

اسلام آباد کی عدالت نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں شہباز گل کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان پر 27 فروری کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد میں رہنما تحریک انصاف شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔


شہباز گل کی مقدمہ سے بریت کی درخواست پر وکیل شہریار طارق ایڈووکیٹ نے دلائل دیے اور کہا کہ وفاقی یا صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر مقدمہ درج نہیں کرایا جاسکتا، ایف آئی آر اندراج کے لیے قانونی تقاضے پورے نہ ہوں تو تمام کارروائی غیر قانونی قرار پائے گی۔

عدالت نے کہا کہ کمپلیننٹ آخرکار مجسٹریٹ ہے اس کو قانون کا تو علم ہوگا جس پر شہباز گل کے وکیل نے کہا کہ شہباز گل کے خلاف صرف ایک یو ایس بھی دی گئی ہے، معائنے کے لیے توشیبا کمپنی کی یو ایس بھی بھیجی گئی واپس ایچ پی کمپنی کی آئی، سِیل بھی ٹوٹی ہوئی ہے یعنی شواہد ٹمپر ہوگئے۔

بعدازاں ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں محفوظ فیصلہ سنا دیا جس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی بریت کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔ عدالت نے شہباز گل پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے 27 فروری کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔
Load Next Story