آئی سی سی نے بھارتی کرکٹر رویندر جڈیجا پر جرمانہ عائد کردیا

آسٹریلیا کے خلاف ناگپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں رویندر جڈیجا کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا


ویب ڈیسک February 11, 2023

بھارتی آل راؤنڈر رویندر جدیجا پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کردیا گیاہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ناگپور میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں رویندر جڈیجا کو کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.20 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جس کے نتیجے میں ان پر 25 فی صد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

ساتھ ہی رویندر جڈیجا کے ڈسپلینیری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ بھی کر دیا گیا۔ یہ 24 مہینے کے عرصے میں ان کی جانب سے کی جانے والی پہلی خلاف ورزی ہے۔

یہ واقعہ جمعرات 9 فروری کو آسٹریلیا کی پہلی اننگ کے46 ویں اوور کے دوران پیش آیا جب رویندر جڈیجا کو انگلی پر مرہم لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بائیں ہاتھ کے اسپنر نے محمد سراج کی ہتھیلی سے مرہم لے کر اپنے بائیں ہاتھ کی پہلی انگلی پر لگایا۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے واضح کیا گیا کہ جس ہاتھ سے بولر گیند کراتے ہیں اس ہی ہاتھ کی انگلی پر سوجن کی وجہ سے مرہم لگایا گیا۔ تاہم، یہ میدان میں موجود امپائروں کی اجازت کے بغیر کیا گیا۔

بھارتی آل راؤنڈر نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری اینڈی پائیکروفٹ کی جانب سے میچ فیس پر 25 فیصد جرمانے کو قبول کر لیا۔

میچ ریفری کو بتایا گیا کہ مرہم کو گیند کی شکل بدلنے کےلیےنہیں بلکہ طبی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔

واضح رہے بھارتی اسپنرز کی تباہ کن بولنگ کے سبب آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں اننگ اور 132 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں