بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ

انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 91 نشستوں پر 11 کروڑ سے زائد ووٹرز ایک ہزار 418 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا۔

بھارت میں 9 مراحل میں پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں، فوٹو: اے ایف پی

بھارت میں جاری پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں آج لوک سبھا کی 91 نشستوں پر 11 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ریاست کیرالہ کی 20، ہریانہ، اتر پردیش، مہاراشٹر اور اوڑیسا کی 10،10، مدھیہ پردیش کی 9، نئی دلی کی 7، بہار کی 6 اور جھارکھنڈ کی 4 نشستوں کے علاوہ چھتیس گڑھ، جموں و کشمیر، چندی گڑھ، انڈمان و نکوبار اور لکش دیپ کی ایک ایک نشست پر پولنگ ہوئی۔ 91 نشستوں پر تقریبا 11 کروڑ سے زائد ووٹر نے ایک ہزار 418 امیدواروں کے چناؤ کے لئے حق رائے دہی استعمال کیا۔


اس سے قبل پارلیمانی انتخابات کے 2 مراحل ہوچکے ہیں لیکن آج ہونے والی پولنگ کو انتخابی جنگ کا پہلا بڑا معرکہ قرار دیا گیا کیونکہ آج جن 91 نشستوں پر پولنگ ہوئی جن میں 45 پر گزشتہ انتخابات میں کانگریس جب کہ بی جے پی کو 13 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی تاہم اس مرتبہ کانگریس کو بی جے پی کے ساتھ ساتھ عام آدمی پارٹی کی جانب سے بھی سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 9 مراحل میں پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں، 7 اپریل سے شروع ہونے والے عام انتخابات 12 مئی کو ختم ہوں گے جبکہ 16 مئی کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی. رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق قوم پرست ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جیت یقینی ہے اور نریندر مودی اگلے وزیراعظم ہو سکتے ہیں۔
Load Next Story