وزیراعظم وزیر خارجہ سمیت اہم سیاسی شخصیات کا ضیاء محی الدین کے انتقال پر اظہارِ افسوس

ممتاز اداکار کا انتقال دنیائے فن کے لیے کسی سانحے سے کم نہیں ہے، وزیرِ خارجہ


ویب ڈیسک February 13, 2023
(فائل فوٹو)

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے ممتاز اداکار اور معروف ہدایت کار ضیاء محی الدین کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا ضیاء محی الدین کے انتقال میں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ضیاء محی الدین نے پاکستان میں ٹیلی ویژن ہوسٹنگ کو ایک نئی جہت سے روشناس کروایا اور بین الاقوامی سطح پر اداکاری کے ذریعے پاکستان کا نام بیرون ملک روشن کیا۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ضیاء محی الدین کی صلاحیتوں اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ضیاءمحی الدین کی آواز ہمارے ذہن میں گونجتی رہے گی۔ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہیں ضیاء محی الدین کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ممتاز اداکار کا انتقال دنیائے فن کے لیے کسی سانحے سے کم نہیں ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضیاء محی الدین اپنی سدا بہار فنی خدمات کی وجہ سے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

سابق صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سمیت دیگر سماجی و سیاسی شخصیات نے بھی ضیاء محی الدین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ نیشنل اکیڈمی آف آرٹس کے صدر اور معروف ہدایتکار و اداکار ضیاء محی الدین طویل علالت کے بعد آج صبح کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں