شہباز گل کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

حکومت نے سیاسی بنیادوں پر نام ای سی ایل میں ڈال رکھا ہے، موقف۔ عدالت نے فائل جسٹس جواد حسن کے پاس بھجوادی


ویب ڈیسک February 13, 2023
(فوٹو فائل)

پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔

حفاظتی ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر شہباز گل لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں ان کے وکیل نے درخواست کل کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی۔

جسٹس مزمل اختر شبیر نے استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ دریں اثنا عدالت نے فائل جسٹس جواد حسن کے پاس بھجوا دی۔ اس سلسلے میں عدالتی نوٹ میں لکھا گیا ہے کہ جسٹس جواد حسن کے پاس اسی نوعیت کی ایک اور درخواست بھی زیر سماعت ہے۔

جسٹس مزمل اختر شبیر کے روبرو شہباز گل کے وکیل کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر نام ای سی ایل میں ڈال رکھا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دے۔

بعد ازاں لاہورہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی عبوری حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت 20فروری تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو جواب الجواب داخل کرنے کی مہلت دے دی جب کہ عدالت کے روبرو وزرات داخلہ نے تحریری جواب داخل کروادیا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کی درخواست پر سماعت کی۔ جس میں وکیل نے کہا کہ شہباز گل کے خلاف ایف آئی اے میں کوئی مقدمہ نہیں۔ پراسیکیوٹر سے بات ہوئی اور شہباز گل کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے ۔اس کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے وقت کی ضرورت ہے۔ عدالت مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم د ینے کے ساتھ شہباز گل کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں