راولپنڈی فلور ملز کا مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

ایسوسی ایشن کی جانب سے 5 نکاتی مطالبات پیش کیے گئے ہیں

—فائل فوٹو

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن راولپنڈی ریجن نے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے 5 نکاتی مطالبات پیش کیے گئے ہیں جس کے تحت فلور ملز کی انسپکشن محکمانہ ایس او پیز کے مطابق کی جائے جبکہ سرکاری آٹے کے ٹرکنگ اسٹیشن ختم اور دکان پر فروخت کی اجازت دی جائے۔

مطالبہ کیا گیا ہے کہ پالیسی کے مطابق گندم کی مصنوعات لوکل 25 فیصد اور 75 فیصد ترسیل کے لیے پرمٹ جاری کیے جائیں۔

اسکے علاوہ، آٹے کو Essential commodity (ضروری اشیاء) کی کیٹگیری سے نکالا جائے اور پنجاب بھر سے گندم کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیں؛ راولپنڈی محکمہ خوراک اور فلور ملز مالکان کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا

دوسری جانب، محکمہ فوڈ نے بھی ہڑتال میں ملوث ملز کے خلاف 3 ایم پی او کے تحت کارروائیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ راولپنڈی محکمہ فوڈ اور فلور ملز کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے آٹے بحران کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔


سیکریٹری فوڈ پنجاب زمان وٹو کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں آٹے کی سپلائی بلا تعطل جاری ہے جبکہ آٹا وافر مقدار میں ٹرکنگ پوائنٹس اور دکانوں پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو آٹے کا اضافی کوٹا فراہم کیا گیا تھا جس کی وجہ سے آٹا سرپلس ہو گیا تھا، صوبے کی فلور ملز کی بھاری اکثریت کل کے کوٹے کے لیے چالان جمع کروا رہی ہیں۔

سیکریٹری فوڈ پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری گندم غبن کرنے والی ملز کے لیے کوئی رعایت نہیں لہٰذا فلور ملز ایسوسی ایشن ہڑتال کی کال واپس لے اور عوام دشمنی سے باز آ جائے۔ ہڑتال کی کال غریب عوام کو بھوکا مارنے کی سازش تھی جو ناکام ہو چکی ہے۔

دوسری جانب، راولپنڈی پولیس اور محکمہ فوڈ نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے آٹے سے لدی 18 گاڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ 11ہزار358 تھیلے آٹا، 200 تھیلے چوکر اور 200 تھیلے میدہ برآمد کرکے 18 ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

نصیرآباد پولیس نے 13 ڈرائیوروں عمر اختر، ارشد، اسماعیل، نزیر، سید زرین، سیدا، راحت، محمد نبی، ثناء اللہ، اجمل، صاحب زادہ، اجمل خان اور رفیع اللہ کو گرفتار کرکے آٹے کے 6637 تھیلے برآمد کیے۔

صدرواہ پولیس نے ڈرائیور گل رحیم سے 200 تھیلے چوکر اور 200 تھیلے میدہ برآمد کیا۔ مندرہ پولیس نے 04 ڈرائیوروں عبدالغفار، سلیمان، احمد نواز اور گل بادشاہ کو گرفتار کرکے آٹے کے 4724تھیلے برآمد کیے۔

غیر قانونی میدہ، گندم اور آٹے کی ترسیل کرنے والوں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
Load Next Story